شعیب اختر نے بھارت میں دلہن کی تلاش شروع کردی

بالی ووڈ فلموں میں کام کا شوق تو ہے مگر اچھا اداکار بننے کا یقین نہیں، شعیب اختر

بالی ووڈ فلموں میں کام کا شوق تو ہے مگر اچھا اداکار بننے کا یقین نہیں، شعیب اختر۔ فوٹو: فائل

پاکستان کے سابق فاسٹ بولر شعیب اختر نے بھی بھارت میں دلہن کی تلاش شروع کردی۔

ان کے مطابق کسی کو نہیں معلوم ہوتا کہ اس کا جیون ساتھی کہاں موجود ہے، انھوں نے کہا کہ مجھے بالی ووڈ فلموں میں کام کا شوق تو ہے مگر یقین نہیں کہ اچھا اداکار بن سکتا ہوں، ان خیالات کا اظہار انھوں نے ایک انٹرویو میں کیا۔


تفصیلات کے مطابق سابق فاسٹ بولر شعیب اختر 38 برس کے ہوچکے مگر ابھی تک انھوں نے اپنا گھر نہیں بسایا،اچھے جیون ساتھی کیلیے ان کی تلاش جاری اور وہ بھارت میں بھی شادی کے امکان کو رد نہیں کرتے، جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا وہ کسی بھارتی خاتون سے شادی کرنا چاہیں گے تو شعیب اختر نے جواب دیا کہ 'کیوں نہیں، آپ کو یہ معلوم نہیں ہوتا کہ جیون ساتھی کہاں مل سکتا ہے'۔ شعیب اختر کو 2007 میں بالی ووڈ فلم میں کام کرنے کی پیشکش ہوئی تھی مگر اسے عملی جامہ نہیں پہنایا جاسکتا تھا، اس بارے میں ان کا کہنا ہے کہ کئی مرتبہ مجھ سے بالی ووڈ فلمسازوں نے رابطہ کیا کہ میں ان کی فلم میں کام کروں ، میں خود بھی بالی ووڈ فلموں میں دلچسپی رکھتا ہوں لیکن میں نہیں سمجھتا کہ اداکاری بھی کرسکتا ہوں۔

البتہ یہ بھی ایک حقیقت ہے کہ کوئی کبھی نہیں جان سکتاکہ آگے زندگی میں اس کیلیے کیا ہے۔ ایک سوال پر شعیب اختر نے کہا کہ جب میں پاکستان کیلیے کھیل رہا تھا اس وقت کسی نے میری زندگی پر فلم بنانے میں دلچسپی ظاہر کی تھی، مگر تب میری توجہ صرف کرکٹ پر تھی اور میں کسی دوسری جانب نہیں سوچنا چاہتا تھا۔

مگر اب یہ ان پر ہے کہ کیا فیصلہ کرتے ہیں۔ کسی بھارتی ٹی وی چینل کے شو کی میزبانی کے امکان پر شعیب اختر نے کہا کہ کھیل میری پہلی محبت ہے، میں اس سلسلے میں کسی بھارتی ٹی وی کے ساتھ بھی کام کرسکتا ہوں، میں پہلے ہی کمنٹری کررہا ہوں اور مجھے اس کا تجربہ بھی ہے، بالی ووڈ اداکار سلمان خان کے پروگرام میںشرکت کے سوال پر انھوں نے کہا کہ سلمان نہ ہی ان کی ٹیم کی جانب سے میرے ساتھ رابطہ کیا گیا،اگرایسا ہوا ہوتا تو میں صاف بتا دیتا۔
Load Next Story