میئر کراچی انتخاب پی ٹی آئی کے یوسی چیئرمین نے ممبران کو جبری قید کرنے کی تردید کردی

اسد امان کی سربراہی میں بننے والے پی ٹی آئی کے فارورڈ بلاک نے میئر کراچی کے انتخاب میں حصہ نہیں لیا

فوٹو فائل

پاکستان تحریک انصاف منتخب یوسی چیئرمین اسد امان نے 32 ممبران کو جبری طور پر قید میں رکھنے کے الزام کی تردید کرتے ہوئے شوکاز نوٹس کا تین دن میں جواب دینے کا اعلان کردیا۔

ایکسپریس سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے اسد امان کا کہنا تھا کہ ہم پارٹی کے باغی کارکن نہیں بلکہ پارٹی کیساتھ ہیں اور جو پارٹی کا موقف ہے وہی ہمارہ مؤقف ہے۔

انہوں نے کہا کہ پارٹی صدر حلیم عادل شیخ کی جانب سے دیے گئے شوکاز نوٹیس کا جواب دیں گے، کے ایم سے میں بیٹھنے سے متعلق جو بھی پارٹی فیصلہ کرے گی ہم اسکے پابند ہوں گے۔

مزید پڑھیں: میئر کراچی انتخاب، پی ٹی آئی نے اراکین کی غیر حاضری کے معاملے پر تحقیقاتی کمیٹی قائم کردی

میئر کراچی کیلئے الیکشن میں حافظ نعیم الرحمان کو ووٹ نہ دینے کے سوال پر اسد امان کا کہنا تھا کہ 9 مئی کے واقعات کے بعد سے اب تک میں گھر نہیں گیا، کہاں کھاتے پیتے اور رہتے ہیں ہمیں نہیں پتا اور نہ ہی پارٹی قیادت نے اس حوالے سے ہماری کوئی خبرگیری کی بلکہ الٹا شوکاز نوٹس دے دیا۔

انہوں نے کہا کہ کراچی میں پی ٹی آئی صرف واٹس ایپ تک محدود ہے اور قیادت بھی اس سے باہر نہیں آتی۔


اسد امان نے کہا کہ پی ٹی آئی کی جانب سے ملنے والے شوکاز نوٹس کا تین دن میں جواب دوں گا جس کے بعد تمام حقائق سامنے آجائیں گے کہ ہم نے حافظ نعیم یا کسی بھی امیدوار کو ووٹ کیوں نہیں دیا۔

یہ بھی پڑھیں: پیپلزپارٹی کے مرتضٰی وہاب میئر کراچی منتخب

انہوں نے کہا کہ ہم نے کوئی ضمیر کا سودا نہیں کیا، ہم پر الزامات لگائے جا رہے ہیں، پارٹی کا ان لوگوں نے فائدہ اٹھایا جو لوگ پارٹی کو چھوڑ گئے تھے، ہمارے ہزاروں لوگ گرفتار ہیں انصاف ہاؤس پر بھی تالے پڑے ہیں، ہم پارٹی کا حصہ تھے ہیں اور رہیں گے۔

واضح رہے کہ پندرہ جون کو میئر اور ڈپٹی میئر کراچی کے لیے ہونے والی ووٹنگ میں32 ارکان غیر حاضر تھے، جن میں سے 31 کا تعلق پی ٹی آئی اور 1 کا ٹی ایل پی سے تھا جبکہ فردوس شمیم نقوی نے حاضر ہونے کے باوجود اپنا ووٹ کاسٹ نہیں کیا تھا۔

جماعت اسلامی کے امیدوار نے ووٹنگ کے دوران ریٹرننگ افسر کے سامنے احتجاج کرتے ہوئے کہا تھا کہ ہماری حمایت کرنے والے یوسی چیئرمینز اور بلدیاتی نمائندوں کو گھروں سے اٹھا کر سیف ہاؤسز میں رکھا گیا ہے، انہیں رہا کروا کے رائے شماری کا حق دیا جائے۔

حافظ نعیم اور پی ٹی آئی نے دعویٰ کیا ہے کہ اُن کے اراکین کا فاروڈ بلاک بنوانے میں پیپلزپارٹی کا ہاتھ ہے کیونکہ اراکین کو گھروں سے حراست میں لے کر نجی بنگلوں میں رکھا گیا تھا، جس کی وجہ سے اراکین نے ووٹنگ کے عمل میں حصہ نہیں لیا۔
Load Next Story