مالی بحران کا شکار حکومت سندھ کی شاہ خرچیاں مقررہ ہدف سے 24 ارب زیادہ خرچ کرڈالے

رواں مال سال صوبائی حکومت آمدنی کا ہدف بھی پورا نہیں کرسکی اور مقرر کئے گئے ہدف سے 30 فیصد کم محصولات وصول کئے۔

سندھ کو این ایف سی ایوارڈ کے تحت وفاق سے 24ارب بھی نہ مل سکے، محکمہ خزانہ سندھ کی رپورٹ فوٹو: فائل

سندھ حکومت کی جانب سے ایک جانب مالی بحران کا رونا رویا جاتا ہے تو دوسری جانب صوبے کا غیر ترقیاتی بجٹ مختص کی گئی رقم سے 24 ارب روپے تجاوز کرگیا ہے۔


ڈپٹی اسپیکر سیدہ شہلا رضا کی سربراہی میں سندھ اسمبلی کا اجلاس ہوا جس میں محکمہ خزانہ سندھ کی جانب سے رواں مالی سال کے 9 ماہ کی مالیاتی رپورٹ پیش کی گئی، رپورٹ کے مطابق حکومت سندھ نے غیر ترقیاتی اخراجات کا تخمینہ 3 کھرب 55 ارب 57 کروڑ لگایا تھا تاہم اس دورانیے میں صوبائی حکومت نے 3 کھرب 79 ارب 62 کروڑ خرچ کرڈالے۔اس طرح حکومت نے 24 ارب روپے سے زائد رقم غیر ترقیاتی مصارف میں خرچ کرڈالی۔

رپورٹ کے مطابق مالی سال برائے 14-2013 کے دوران اب تک صوبائی حکومت آمدنی کا ہدف پورا نہیں کرسکی، رواں سال صوبائی حکومت کو اب تک 30 ارب روپے کم وصولیاں ہوئیں جو مقررہ کردہ ہدف سے 30 فیصد کم ہے، اس کے علاوہ اب تک سندھ کو این ایف سی ایوارڈ کے تحت وفاق سے 24ارب بھی نہ مل سکے۔
Load Next Story