لاہور میں تین کم سن گھریلو ملازمین پر تشدد کا ملزم گرفتار

تشدد سے متاثرہ بچوں میں ایک بچی حمیرا جبکہ 2 بچے ارسلان اور رحمان شامل ہیں جن کی عمریں 10 سال کے لگ بھگ ہیں

(فوٹو فائل)

چائلڈ پروٹیکشن بیورو نے صادق آباد کے علاقے میں تین کم سن گھریلو ملازمین پر تشدد کے الزام میں ملزم کو گرفتار کرلیا۔

اس حوالے سے چائلڈ پروٹیکشن بیورو کی چیئرپرسن سارہ احمد نے بتایا کہ ملازمت پر رکھے گئے تین بچوں پر تشدد کی ویڈیو وائرل ہوئی اور واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے کارروائی عمل میں لائی گئی۔

انہوں نے بتایا کہ چائلڈ پروٹیکشن بیورو راولپنڈی کی ٹیم کو فوراً متاثرہ تینوں بچوں کو حفاظتی تحویل میں لے کر کارروائی کی ہدایت کی گئی اور متاثرہ بچوں میں ایک بچی حمیرا جبکہ 2 بچے ارسلان اور رحمان شامل ہیں جن کی عمریں 10 سال کے لگ بھگ ہیں۔


چئیر پرسن سارہ احمد نے بتایا کہ حمیرا نامی مالکن نے بچی کو ڈنڈوں، بیلٹ، تھپڑوں، ڈوئی اور چہرے پر ناخنوں سے تشدد کا نشانہ بنایا، پولیس اسٹیشن صادق آباد کی جانب سے مقدمہ کے اندراج کے بعد ملزم نذیر کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ حفاظتی تحویل میں لیے گئے بچوں میں ملزم نذیر کا بیٹا رحمان بھی شامل ہے، ملزم نذیر بچوں کو جبری مشقت پر رکھنے والے گروہ کا سرغنہ ہے جو چیچہ وطنی اور اس سے ملحقہ علاقوں سے بچوں کو راولپنڈی لاتا تھا۔


چیئرپرسن نے بتایا کہ ملزم نذیر اور بچوں کو تشدد کا نشانہ بنانے والی فیملی کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی اور قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی۔



Load Next Story