جامعہ کراچی نے پی ایچ ڈی اسکالرشپ50ہزار کردی

 ایم فل اور پی ایچ ڈی کے طلبا کو اسکالرشپ دی جاتی ہے ،آئی سی سی بی ایس

جامعہ کراچی نے ایم فل اور پی ایچ ڈی پروگرام میں داخلوں کا اعلان کردیا ۔ فوٹو : فائل

بین الاقوامی مرکز برائے کیمیائی و حیاتیاتی علوم (آئی سی سی بی ایس) جامعہ کراچی نے ایم فل اور پی ایچ ڈی پروگرام میں داخلوں کا اعلان کردیا۔

آئی سی سی بی ایس، جامعہ کراچی نے پی ایچ ڈی کی اسکالرشپ35ہزار سے بڑھاکر50ہزار روپے کردی،ملک میں یہ واحد ادارہ ہے جو ایم فل اور پی ایچ ڈی پروگرام میں داخلہ لینے والے تمام طالب علموں کو اسکالرشپ دیتا ہے،آئی سی سی بی ایس جامعہ کراچی کے ترجمان کے مطابق6ہزار روپے فیس برائے داخلہ کارروائی سندھ بینک کی کسی بھی برانچ میں جمع کرائی جاسکتی ہے۔


متعلقہ رقم ناقابل واپسی ہوگی، داخلہ درخواستیں (اسکین کاپی) بشمول تمام ضروری کاغذات اور فیس ڈپازٹ سلپ 5 جولائی تک جامعہ کراچی کے ایڈمیشن پورٹل پر آن لائن جمع کروائی جاسکتی ہیں، کامیاب امیدواروں کو ڈاکٹر پنجوانی سینٹر برائے مالیکیو لر میڈیسن اور ڈرگ ریسرچ (پی سی ایم ڈی) جامعہ کراچی اور ایچ ای جے ریسرچ انسٹی ٹیوٹ آف کیمسٹری میں داخلہ دیا جائیگا۔

اْمیدوار نامیاتی کیمیا، تجزیاتی کیمیا ، طبعیاتی کیمیا ، غیر نامیاتی کیمیا ، حیاتی نامیاتی کیمیا ، ٹیکسٹائل کیمسٹری، فارماکولوجی اور مالیکیولر میڈیسن بشمول مالیکیولر اینڈ سیلولر حیاتیات، مالیکیولر جینیٹکس، مالیکیولر فارماکولوجی اور دیگر شعبوں میں داخلے ملیں گے ۔
Load Next Story