کراچی میں ڈکیتی کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل کرنیوالا 6 رکنی گینگ گرفتار

ملزمان نے 4 روز قبل شیر شاہ میں ناکہ لگا کر شہریوں کو لوٹا اور ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل کی تھی

فوٹو: ایکسپریس

شیرشاہ پولیس نے ناکہ لگاکر شہریوں کو لوٹنے اور ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل کرنے والے 6 رکنی ڈکیت گروہ کو گرفتار کرکے قبضے سے غیرقانونی اسلحہ برآمد کرلیا۔

ملزمان نے 4 روز قبل شیرشاہ پراچہ قبرستان میں ناکہ لگا کر شہریوں کو لوٹا تھا، ملزمان نے شہریوں کو لوٹنے کی ویڈیو بنا کر سوشل میڈیا پر وائرل کی تھی، ملزمان نے کراچی و اندرون سندھ میں سینکڑوں وارداتوں کا انکشاف کیا ہے۔

ملزمان کے قبضے سے غیرقانونی 3 پستول، چھینی گئیں3 موٹرسائیکلیں اور 12 موبائل فون برآمد کرلیے گئے، گرفتار ملزمان میں سہیل عرف فقیر نثار چانڈیو، ریاض، محمد زمان، نذیر احمد، شعیب علی اور وزیر علی شامل ہیں۔


ایس ایچ او شیرشاہ سب انسپکٹر عتیق آفریدی کے مطابق گرفتار ملزمان نے 4 روز قبل شیرشاہ پراچہ قبرستان میں ناکہ لگا کر شہریوں کو لوٹا تھا، ملزمان نے شہریوں کو لوٹنے کی ویڈیو بنا کر سوشل میڈیا پر وائرل کی تھی۔

ایس ایچ او کے مطابق گرفتارملزمان کے قبضے سے برآمدہ موٹرسائیکلیں موچکو اور بلدیہ سے چھینی گئی تھیں، گینگ کے سرغنہ سہیل نے گزشتہ ماہ گلشن اقبال میں پولیس مقابلے کے دوران پولیس کانسٹیبل کو زخمی کرنے کا بھی اعتراف کیا ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ ملزمان کو 12 مقدمات میں مدعیوں کی شناخت کے بعد گرفتار کیا گیا جبکہ مزید وارداتوں میں ملزمان سے تفتیش کرکے شناخت کا عمل جاری ہے، ملزمان کے خلاف متاثرہ شہریوں کی مدعیت میں مقدمات درج کرکے مزید تفتیش کی جا رہی ہے۔
Load Next Story