قانون نافذ کرنیوالے اداروں کے ڈیتھ اسکواڈ کارکنوں کے قتل کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں الطاف حسین

کارکنوں کا ماورائے عدالت قتل ظلم اوربربریت ہے اوردردمند دل رکھنے والا کوئی بھی فرد اس پرخاموش نہیں رہ سکتا، الطاف حسین

صدر،وزیر اعظم اور آرمی چیف کارکنوں کے قتل کا نوٹس لیں، قائد ایم کیو ایم فوٹو: فائل

متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کارکنان کے ماورائے عدالت قتل کی پرزور مذمت کرتے ہوئے صدر ممنون حسین، وزیر اعظم نواز شریف اور آرمی چیف جنرل راحیل شریف سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس کا فوری نوٹس لیں اور یہ سلسلہ بند کرائیں۔

لندن سے جاری بیان میں الطاف حسین نے کہا کہ ہم پہلے بھی کراچی میں پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ڈیتھ اسکواڈ کی جانب سے ایم کیو ایم کے کارکنوں کی گرفتاریوں اور انہیں دوران حراست انسانیت سوز تشدد کا نشانہ بناکر قتل کرنے اور ان کی مسخ شدہ لاشیں پھینکنے کے انتہائی خطرناک اور سنگین معاملے پر آواز اٹھا چکے ہیں اور حکمرانوں کی توجہ اس جانب مبذول کرا چکے ہیں لیکن تمام تر اپیلوں اور احتجاج کے باوجود نہ تو حکومت اور ارباب اختیار کی جانب سے اس کا کوئی نوٹس لیا گیا اور نہ ہی عدلیہ کی جانب سے اس پر کوئی سوموٹو نوٹس لیا گیا جس کا نتیجہ یہ ہے کہ پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ڈیتھ اسکواڈ کی جانب سے ایم کیو ایم کے کارکنوں اور ہمدردوں کو گرفتار کرکے انہیں ماورائے عدالت قتل کرنے اور ان کی لاشیں پھینکنے کا مذموم سلسلہ جاری ہے۔


الطاف حسین نے کہا کہ گزشتہ روز بھی ایم کیو ایم کے 4 کارکنوں محمد صمید، علی حیدر، فیضان اور سلمان قریشی کی تشدد زدہ لاشیں میمن گوٹھ ملیر میں پائی گئیں جنہیں چند روز قبل گرفتار کیا گیا تھا۔ انہوں نے کارکنوں کے ماورائے عدالت قتل کے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ سراسر ظلم اور بربریت ہے اور دردمند دل رکھنے والا کوئی بھی فرد اس ظلم وبربریت پر خاموش نہیں رہ سکتا، اس کھلی بربریت اور ظلم پر میرا دل خون کے آنسو رورہا ہے کارکنان اور عوام صبر سے کام لیں اور اس سانحے پر پرامن یوم سوگ منائیں۔

ایم کیو ایم کے قائد نے صدر ممنون حسین، وزیر اعظم نواز شریف، وزیر داخلہ چوہدری نثار اور چیف آف آرمی اسٹاف جنرل راحیل شریف سے پرزور مطالبہ کیا کہ کراچی میں آپریشن کے نام پر ایم کیو ایم کے کارکنوں کے ماورائے عدالت قتل، گرفتار شدگان کو عدالتوں میں پیش کرنے کے بجائے انہیں لاپتا کرنے اور حراست کے دوران قتل کرکے ان کی مسخ شدہ لاشیں پھینکنے کے مذموم سلسلے کا فی الفور نوٹس لیں، ظلم وبربریت کا یہ سلسلہ بند کرائیں اور جو عناصر بھی ایم کیو ایم کے ماورائے عدالت قتل کے واقعات میں ملوث ہیں ان کے خلاف کارروائی کی جائے اور ان پر قتل کے مقدمات قائم کئے جائیں۔

Recommended Stories

Load Next Story