جنوبی کوریا میں زیرزمین چلنے والی 2 ٹرینوں میں تصادم 200 سے زائد افراد زخمی
جنوبی کوریا میں زیرزمین چلنے والی 2 ٹرینوں کے درمیان تصادم کے نتیجے میں 200 سے زائد افراد زخمی ہوگئے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق کشتی حادثے کے بعد جنوبی کوریا کو ایک ماہ کے دوران دوسرے بڑے سانحہ کا سامنا اس وقت کرنا پڑا جب دارالحکومت سیئول میں زیر زمین چلنے والی 2 ٹرینیں آپس میں ٹکرا گئیں جس کے نتیجے میں 200 سے زائد افراد زخمی ہوگئے، حادثے کے فوری بعد امدادی ٹیموں نے زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کردیا جہاں اسپتال انتظامیہ کے مطابق 150 زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد فارغ کردیا گیا جبکہ 50 سے زائد زخمیوں کو داخل کرلیا گیا ۔
ریلوے حکام کے مطابق دونوں ٹرینوں میں تقریباً ایک ہزار مسافر سوار تھے اور حادثے کے نتیجے میں زیادہ تر افراد محفوظ رہے، حکام کا کہنا تھا کہ زیر زمین چلنے والی ٹرینیں آٹومیٹک ہیں اور خدشہ ہے کہ ٹرینوں کے قریب آنے سے قبل ہی ان کے آٹومیٹک سسٹم میں فنی خرابی پیدا ہوگئی ہو تاہم تحقیقات کے بعد ہی اصل وجوہات کا تعین کیا جاسکتا ہے۔