پاکستانی مسیحی برادری کا سویڈن واقعے میں ملوث افراد کو سخت سزا دینے کا مطالبہ

مقدس کتابوں پر یقین رکھنے والا کوئی بھی شخص قرآن پاک کی بے حرمتی جیسے مکروہ فعل کو معاف نہیں کرسکتا، چرچ آف پاکستان

قرآن کی بے حرمتی 28 جون 2023 کو اسٹاک ہوم کی مرکزی مسجد کے باہر ہوئی۔ فوٹو: رائٹرز

چرچ آف پاکستان نے قرآن مجید کی بے حرمتی کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے سویڈن حکومت سے واقعے میں ملوث تمام افراد اور مرکزی ملزم کو سخت سزا دینے کا مطالبہ کردیا۔

چرچ آف پاکستان کے بشپ اور سینئر قیادت نے پاکستانی مسیحی برداری کی نمائندگی کرتے ہوئے قرآن پاک کی بے حرمتی کے معاملے پر سویڈن کی حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ دانستہ کارروائیوں میں ملوث افراد کو روکے اور قصور واروں کو سخت سزا دے کر اس بات کو یقینی بنائے کہ سویڈن کی سرزمین اشتعال انگیز کاموں کے لیے استعمال نہ ہو۔

چرچ آف پاکستان کے بشپ نے کہا کہ قرآن پاک کی بے حرمتی کا اقدام دنیا اور مذاہب کے درمیان تفرقہ ڈالنے کے عزائم کی ایک کڑی ہے تاکہ امن و امان کی صورت حال کو خراب کیا جائے اور واقعے کی آڑ میں کچھ عناصر اپنے مذموم مقاصد پورے کریں۔

چرچ آف پاکستان کے تمام 7 بشپس کی جانے سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ہر وہ شخص جو مقدس کتابوں پر یقین رکھتا ہے وہ کسی بھی عقیدے کے مقدس صحیفوں کی بے حرمتی جیسے مکروہ فعل کو معاف نہیں کرسکتا۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ 'آزادی اور اظہار رائے کو کبھی بھی دوسروں کو حقیر سمجھنے کے لیے استعمال نہیں کیا جانا چاہیے'۔

مزید پڑھیں: ہماری جانیں رسولﷺ اور قرآن کی حرمت پر قربان، جواب دینا جانتے ہیں، وزیراعظم


بیان میں چرچ آف پاکستان کے صدر بشپ ڈاکٹر آزاد مارشل کی جانب سے کہا گیا ہے کہ یہ حرکتیں وہ لوگ کرتے ہیں جن کا کسی مذہب سے کوئی تعلق نہیں ہے اور وہ بس اپنے ذاتی مفادات کو آگے بڑھانے کے لیے ایسا کرتے ہیں۔ پاکستانی مسیحی برادری ایسے اقدامات کی مذمت کرتی ہے اور اپنے مسلمان بھائیوں کو یقین دلانا چاہتی ہے کہ ہم ان کے دکھ درد کو سمجھتے ہیں اور ان کے ساتھ یکجہتی کے طور پر کھڑے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ 'ہم نے ہمیشہ ایسے مذہبی اشتعال انگیز اقدامات کے خلاف آواز بلند کی اور آئندہ بھی کرتے رہیں گے۔ اس طرح کی کارروائیوں سے نفرت، اخراج اور نسل پرستی کی حوصلہ افزائی ہوتی ہے'۔ بیان میں کہا گیا کہ چرچ آف پاکستان کے تمام بڑے گرجا گھروں میں فرانس، ناروے اور ڈنمارک سمیت سویڈن اور دیگر یورپی ممالک میں ہونے والے نفرت انگیز واقعات کی مذمت میں قراردادیں بھی پیش کی گئیں۔

بیان میں چرچ آف پاکستان نے زور دیا ہے کہ مسیحی برادری بلا تفریق رنگ و نسل ملک بھر میں خدمت میں مصروف ہے اور ہر مذہب ہمارے لیے قابل احترام ہے۔ ہم نے ہمیشہ بین المذاہب ہم آہنگی، رواداری اور ایک دوسرے کے لیے محبت اور احترام کا درس دیا ہے'۔

یہ بھی پڑھیں: سوئیڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی؛ قومی اسمبلی میں مذمتی قرارداد منظور

بیان میں اس بات پر بھی تشویش کا اظہار کیا گیا کہ سویڈن میں پیش آنے والے واقعے کے بعد کچھ مفاد پرستوں نے عیسائیوں کے خلاف سوشل میڈیا مہم شروع کر دی تھی، اس پر ہم واضح طور پر ایسی بدنیتی پر مبنی مہمات کی مذمت کرتے ہیں جن کا مقصد ہمارے معاشرے میں مذہبی انتشار اور بدامنی پیدا کرنا ہے۔

اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ پاکستانی عیسائیوں کو ایسے افراد سے کوئی ہمدردی نہیں ہے اور ہم ان کے اعمال کے کسی بھی طرح ذمہ دار نہیں ہیں، ریاستی اداروں کو ایسے پروپیگنڈہ مہم کا نوٹس لے کر گرجا گھروں اور عیسائیوں کے تحفظ کو یقینی بنانا چاہیے۔
Load Next Story