یونان کشتی حادثہ پنجاب کے مختلف شہروں سے 6 انسانی اسمگلرگرفتار

ملزمان نے متعدد شہریوں سے فی کس 25 سے 27 لاکھ روپے وصول کیے تھے، ایف آئی اے حکام

—فوٹو:ایکسپریس نیوز

ایف آئی اے نے یونان کشتی حادثہ کیس میں 6 انسانی اسمگلروں کو گرفتار کرلیا۔

ایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل گجرات کی جانب سے کھاریاں، ملکوال، جہلم، لاہور اور گجرات سے گرفتاریاں عمل میں لائی گئیں۔ ایف آئی اے کے مطابق انسانی اسمگلروں نے مختلف شہریوں کو بیرون ملک یورپ کا جھانسہ دے کر کروڑوں روپے بٹورے۔

ایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ کی جانب سے دعویٰ کیا گیا ہ ملزمان نے متعدد شہریوں سے فی کس 25 سے 27 لاکھ روپے وصول کیے تھے، گرفتار ملزمان میں اسلم دریکاں، حسنین شاہ، صفدر بہگت، ارشد گجر، محمد اشرف اور ممتاز حسین شامل ہیں۔


حکام کے مطابق گرفتار ملزمان کے خلاف متعدد مقدمات درج تھے، ملزمان کے انٹرنیشنل اسمگلنگ کے گروہ سے بھی رابطے تھے، انسانی اسمگلر اسلم دریکاں والا نے ماضی میں بھی بیشتر شہریوں کو غیر قانونی راستے سے بیرون ملک بھجوایا۔

انہوں نے بتایا کہ انسانی اسمگلر لیبیا سے یورپ بذریعہ کشتی بھجوانے میں ملوث تھے، ملزمان کے خلاف کارروائی متاثرین کے لواحقین کی نشاندہی پر کی گئی، یونان کشتی حادثے میں ملوث عناصر کے خلاف سخت کارروائیاں جاری ہیں۔

 
Load Next Story