فاسٹ بولر احسان عادل اور آل راؤنڈر حماد اعظم کا ریٹائرمنٹ کا اعلان

احسان عادل نے فروری 2013 اور حماد اعظم نے 2011 میں ڈیبیو کیا تھا

احسان عادل نے فروری 2013 اور حماد اعظم نے 2011 میں ڈیبیو کیا تھا (فوٹو: ایکسپریس ویب)

پاکستان کرکٹ بورڈ نے فاسٹ بولر احسان عادل اور آل راؤنڈر حماد اعظم کی ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے دونوں کرکٹرز کو ان کی کرکٹ میں خدمات پر مبارک باد دیتے ہوئے مستقبل میں ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔

احسان عادل نے فروری 2013ء میں جنوبی افریقا کے خلاف سنچورین میں اپنے ٹیسٹ کریئر کا آغاز کیا تھا اس کے بعد وہ مزید 2 ٹیسٹ میچز کھیلے۔ انہوں نے 3 ٹیسٹ میچوں میں 5 وکٹیں حاصل کیں جب کہ 6 ون ڈے انٹرنیشنل میچز میں 4 وکٹیں حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔

مزید پڑھیں: ناہیدہ خان کا انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان


احسان عادل نے انٹرنیشنل کرکٹ میں آنے سے قبل 2012ء میں آسٹریلیا میں منعقدہ آئی سی سی انڈر19 ورلڈ کپ میں بھی پاکستان کی نمائندگی کی تھی۔

انہوں نے مارچ 2012 سے اکتوبر 2021 تک اپنے کریئر میں 67 فرسٹ کلاس میچوں میں 245 وکٹیں حاصل کیں۔ 67 لسٹ اے ون ڈے میچوں میں ان کی حاصل کردہ وکٹوں کی تعداد 98 رہی جبکہ68 ٹی ٹوئنٹی میچوں میں وہ86 وکٹیں حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔


مزید پڑھیں: فرنچائز اور انٹرنیشنل کرکٹ ایک ساتھ چلنے کو تیار

 

آل راؤنڈر حماد اعظم نے 2011 سے 2015 تک کے عرصے میں 11 ون ڈے انٹرنیشنل کھیلے جن میں 80 رنز بنانے کے علاوہ دو وکٹیں حاصل کیں جب کہ 5 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچوں میں وہ 34 رنز بنانے میں کامیاب ہوسکے۔

حماد اعظم نے 2010ء میں نیوزی لینڈ میں منعقدہ آئی سی سی انڈر19 ورلڈ کپ میں پاکستان کی نمائندگی کی۔

دسمبر 2008 سے جون 2021 تک اپنے ڈومیسٹک کریئر میں حماد اعظم نے 107 فرسٹ کلاس میچوں میں 4953 رنز بنائے اور 186 وکٹیں حاصل کیں۔ 114 لسٹ اے ون ڈے میچوں میں2362 رنز اسکور کرنے کے علاوہ91 وکٹیں حاصل کیں جبکہ98 ٹی ٹوئنٹی میچوں میں وہ1361 رنز بنانے کے علاوہ 75 وکٹیں حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے تھے۔
Load Next Story