پاک سری لنکا بورڈ الیون کے درمیان پریکٹس ٹیسٹ ڈرا

دوسرے روز کے کھیل میں بابراعظم کے 79 اور سعود شکیل کے 61 رنز

دوسرے روز کے کھیل میں بابراعظم کے 79 اور سعود شکیل کے 61 رنز (فوٹو: پی سی بی)

پاکستان اور سری لنکا بورڈ الیون کے درمیان دو روزہ پریکٹس ٹیسٹ میچ ڈرا ہوگیا۔

ہمبنٹوٹا کے مہندرا راجا پاکسے اسٹیڈیم میں کھیلا گیا دو روزہ پریکٹس ٹیسٹ میچ ختم ہوگیا، میزبان ٹیم نے اپنی دوسری اننگز میں 88 رنز بنائے تھے اور اس کے 4 کھلاڑی آؤٹ ہوئے تھے، پہلی اننگز میں سنچری بنانے والے اوشادا فرنینڈو 6 رنز بناسکے جبکہ نووانیدو فرنینڈو 31 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔

دوسرے روز گرنے والی 4 میں سے دو وکٹیں سلمان علی آغا نے حاصل کیں جبکہ شاہین شاہ آفریدی اور نسیم شاہ نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

اس سے قبل پاکستانی ٹیم نے اپنی پہلی اننگز میں 342 رنز اسکور کیے جس کی خاص بات شان مسعود کے 83 بابراعظم کے 79اور سعود شکیل کے61 رنز تھے۔

مزید پڑھیں: پاک سری لنکا ٹیسٹ سیریز کے شیڈول کا اعلان ہوگیا


میچ کے دوسرے دن پاکستانی ٹیم نے 160 رنز تین کھلاڑی آؤٹ پر اپنی پہلی اننگز شروع کی۔بابراعظم نے جو14 رنز پر ناٹ آؤٹ تھے ایک بار پھر اپنی ورلڈ کلاس کے مطابق بیٹنگ کی اور وہ 113 گیندوں پر 79 رنز بناکر ریٹائرڈ آؤٹ ہوئے، ان کی اننگز میں ایک چھکا اور 7 چوکے شامل تھے۔

سعود شکیل نے بھی عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے 86گیندوں پر چھ چوکوں کی مدد سے 61 رنز اسکور کیے۔ وہ بھی ریٹائرڈ آؤٹ ہوئے، دیگر کھلاڑیوں میں سرفراز احمد 17 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے جبکہ سلمان علی آغا، محمد رضوان اور محمد حریرہ 12، 12 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

مزید پڑھیں: دورہ سری لنکا؛ قومی ٹیم کولمبو پہنچ گئی

میزبان ٹیم کی طرف سے لکشیاتھا مانا سنگھے نے82 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں۔

اس سے قبل سری لنکن کرکٹ بورڈ الیون پہلی اننگز میں196 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی تھی جس میں اوشادا فرنینڈو کی سنچری قابل ذکر تھی، پاکستان کی طرف سے شاہین شاہ آفریدی اور حسن علی نے 3،3 وکٹیں حاصل کی تھیں۔

اب پاکستانی کرکٹ ٹیم اتوار سے گال میں سری لنکا کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں مدمقابل ہوگی۔
Load Next Story