پشاور پی ٹی وی کے کیمرا مین کا قتل بیٹی اور داماد قاتل نکلے

پولیس نے 3 دن میں اندھے قتل کا سراغ لگا لیا، بیٹی اور داماد نے تفتیش کے دوران جائیداد کے تنازع پر قتل کا اعتراف کرلیا

(فوٹو : فائل)

پی ٹی وی کے کیمرا مین کے قتل میں بیٹی اور داماد ہی قاتل نکلے، پولیس نے گرفتار کرلیا۔

پولیس کے مطابق مقتول واجد حسین کو بیٹی اور داماد ہی نے مل کر قتل کیا۔ پی ٹی وی کے مقتول کیمرا مین کا قتل جائیداد کے تنازع کا شاخسانہ ہے۔ دونوں ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔


ایس پی کینٹ وقاص کی سربراہی میں افسران اور اہل کاروں کی ٹیم نے گلبرگ کی حدود النور اسٹریٹ میں مقتول واجد حسین کے اندھے قتل میں ملوث ملزمان کا سراغ لگا کر 3 دن میں گرفتار کرلیا۔ ملزمان میں مقتول واجد حسین کی اپنی بیٹی مسماۃ (ا) زوجہ محمد جنید اور داماد محمد جنید ولد محمد فیض ملوث نکلے۔

ملزمان نے تین روز قبل النور اسٹریٹ میں واجد حسین کو چھریوں کے پے در پے وار کرکے قتل کردیا تھا، جس کے بعد پولیس نے مقتول کے بیٹے دانش کی مدعیت میں نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے مختلف پہلوؤں کو پیش نظر رکھتے ہوئے تفتیش شروع کی تھی۔

پولیس کی تفتیشی ٹیم نے مقتول کے عزیز و اقارب سمیت قریبی رشتے داروں، گھر کے افراد، بیٹی اور داماد کو بھی شامل تفتیش کیا اور مشکوک جانتے ہوئے بیٹی اور داماد کو گرفتار کرلیا، جنہوں نے ابتدائی تفتیش ہی میں جائیداد کے تنازع پر قتل کرنے کا اعتراف کرلیا۔ ملزمان کے قبضے سے آلہ قتل بھی برآمد کرلیا گیا ہے۔ پولیس نے مزید تفتیش شروع کردی ہے۔
Load Next Story