فوت شدہ ماں کی آواز میں بات کرکے بیٹے نے باپ سے کروڑوں اینٹھ لیے

کتھبرٹ نے فون پر خود کو کبھی والد ظاہر کرکے، کبھی اپنی مردہ ماں کی آواز میں بات کرکے پیسے اپنے اکاؤنٹ میں منتقل کیے

[فائل-فوٹو]

انگلینڈ میں ایک نوجوان بیٹے نے ماں کی موت پر سوگ منارہے باپ کو 2 کروڑ 2 لاکھ سے زائد (73,384 ڈالرز) کا چونا لگا دیا۔

عالمی میڈیا رپورٹس کے مطابق ڈینیل کتھبرٹ نے اپنی مردہ ماں کی آواز کی نقل کرکے 2017 اور 2018 کے درمیان 14 ماہ کے عرصے میں اپنے والد کی پوری زندگی کی بچت کو بینک اکاؤنٹ سے ختم کر دیا اور انہیں مقروض بنادیا۔

ڈینیل کے والد کو 2017 کے وسط میں رقوم چوری ہونے کے بارے میں شک ہونے لگا اور انہوں نے اپنے بیٹے سے استفسار کیا لیکن چونکہ وہ اپنی شریک حیات کے دار فانی سے کوچ کرجانے کے بعد انتہائی دکھی تھے لہٰذا وہ اپنے بیٹے سے زیادہ تصادم نہیں چاہتے تھے۔




تاہم معاملات اس وقت مزید سنگین ہو گئے جب ایک اہلکار نے 2018 میں والد کو اس بات سے آگاہ کیا کہ وہ اپنے قرضوں کی وجہ سے اپنا گھر کھونے والے ہیں۔ اور والد کی رقم کی گمشدگی کی اطلاع پر نارتھمپٹن شائر پولیس نے فراڈ کی تحقیقات شروع کردیں جس میں بالآخر ان کے بیٹے ڈینیل کتھبرٹ کی گرفتاری عمل میں آئی۔

سارجنٹ مائیک راجرز نے ساؤتھ ویسٹ نیوز سروس کو بتایا کہ اس شخص نے اپنے والد کے اعتماد کا حقارت آمیز غلط استعمال کیا۔ اس نے اپنے والد اور یہاں تک کہ اپنی مرحوم والدہ کی بھی جھوٹی نمائندگی کی تاکہ دھوکے سے پیسا چوری کیا جاسکے۔

ڈینیل نے بڑی مقدار میں رقم اپنے اکاؤنٹ میں منتقل کی۔ کتھبرٹ نے فون پر خود کو کبھی والد ظاہر کرکے اور کبھی اپنی مردہ ماں کی آواز میں بات کرکے بینکوں کو کئی فون کالز کیں اور کم از کم نو مواقع پر والد کے اکاؤنٹ سے رقوم اپنے اکاؤنٹ میں منتقل کروائیں۔
Load Next Story