مینا کماری کی زندگی پر فلم اداکارہ کے بیٹے کا کیرتی سنن کیخلاف کارروائی کا اعلان

آج کل فلم انڈسٹری کے کچھ لوگ دیوالیہ ہوچکے ہیں اور ڈاکو بن گئے ہیں، تاجدار امروہوی

کیرتی سنن نے فیشن ڈیزائنر منیش ملہوترا کے ساتھ ملکر کر فلم بنانے کا اعلان کیا تھا:فوٹو:فائل

ماضی کی مشہور اداکارہ مینا کماری کے بیٹے تاجدار امروہوی نے اداکارہ کیرتی سنن کیخلاف قانونی کارروائی کرنے کا اعلان کردیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق اداکارہ کیرتی سنن نے پروڈکشن کے شعبے میں بھی قدم رکھتے ہوئے اداکارہ مینا کماری کی زندگی پر فلم بنانے کا اعلان کیا تھا جس پر مینا کماری اور مشہورڈائرکٹر کمال امروہوی کے بیٹے تاجدار امروہوی کا سخت ردعمل سامنے آ گیا۔


تاجدار امروہوی نے بیان میں کہا کہ آج کل فلم انڈسٹری کے کچھ لوگ دیوالیہ ہوگئے ہیں اور ڈاکو بن گئے ہیں۔ ان کو کوئ حق نہیں پہنچتا کہ وہ ہماری زندگی میں گھس آئیں۔ مینا کماری میری والدہ اور کمال امروہوی میرے والد تھے۔ کسی کو کوئی حق نہیں کہ ہماری اجازت کے بغیر ان پر فلم بنائے۔

تاجدار امروہوی کا مزید کہنا تھا کہ اگر ان لوگوں کے والدین پر فلم بنائی جائے تو انہیں کیسا لگے گا۔ 'چھوٹی امی' (میناکماری) کے انتقال کو 50 سال اور بابا (کمال امروہوی ) کے انتقال کو 29 برس گزر چکے ہیں تاہم وہ اب بھی لوگوں کے ذہنوں میں زندہ ہیں۔ مینا کماری کی زندگی پرفلم بنانے والوں کے خلاف وکیل کے مشورے پرمیں اور میری بہن رخسار قانونی کارروائی کریں گے۔

اداکارہ مینا کماری کی زندگی پر فلم بنانے کے پروجیکٹ میں کیرتی سنن کے ساتھ بھارت کے مشہور فیشن ڈیزائنر منیش ملہوترا بھی شامل ہیں۔
Load Next Story