پولینڈ میں مسافر بردار طیارہ ہینگر سے ٹکرا گیا 5 ہلاک اور8 زخمی

چھوٹا طیارہ جس ہینگر سے ٹکرایا وہاں بارش سے بچنے کے لیے 20 افراد نے پناہ لی ہوئی تھی

پولینڈ ایئرپورٹ پر چھوٹا طیارہ ہینگر سے ٹکراگیا؛ فوٹو: رائٹرز

پولینڈ کے دارالحکومت کے قریب ایک ہوائی اڈے پر ایک چھوٹا طیارہ ایسے ہینگر سے ٹکرا گیا جہاں بارش کے باعث متعدد افراد نے پناہ لے رکھی تھی۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق حادثہ پولینڈ کے دارالحکومت وارسا کے قریبی ہوائی اڈے کے ہینگر میں بارش سے بچنے کے لیے 20 افراد پناہ لیے ہوئے تھے۔

اس دوران مسافر بردار چھوٹا طیارہ رن وے پر لینڈنگ کے دوران ہینگر سے ٹکرا گیا۔ طیارہ مکمل طور پر تباہ ہوگیا جس کے نتیجے میں اس میں سوار تینوں افراد ہلاک ہوگئے۔


طیارہ ٹکرانے سے ہینگر بھی گر گیا اور اس میں پناہ لینے والے افراد میں سے 2 ہلاک اور 8 زخمی ہوگئے۔ حادثے کے بعد 10 ایمبولینسوں اور 4 ہیلی کاپٹرز نے ریسکیو مشن میں حصہ لیا۔

ایوی ایشن نے حادثے کی تحقیقات کے لیے انکوائری کمیٹی تشکیل دیدی۔ تاحال حادثے میں ہلاک اور زخمی ہونے والوں کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی۔

امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ ممکنہ طور پر حادثہ رات کے اندھیرے، بارش اور خراب موسم کے باعث پائلٹ کو ہینگر نظر نہ آنے کے باعث پیش آیا۔
Load Next Story