امرجیت سنگھ کی اچانک موت سے شدید دھچکا لگا اوتم سنگھ

امرجیت 4 ماہ سے ڈائٹنگ کررہا تھا برگر کھایا جو سانس کی نالی میں پھنس گیا، اوتم سنگھ

امرجیت 4 ماہ سے ڈائٹنگ کررہا تھا برگر کھایا جو سانس کی نالی میں پھنس گیا، اوتم سنگھ۔ فوٹو: فائل

اوتم سنگھ نے کہا کہ امرجیت سنگھ بہت اچھا پیانو بجاتا تھا ، وزن کم کرنے کے لیے چار ماہ سے ڈایٹنگ پر تھا ،اس کی اچانک موت سے شدید دھچکا لگا، مگر شاید اوپر والے کو یہی منظور تھا۔

ان خیالات کا اظہار ''دل تو پاگل ہے'' اور ''غدر'' جیسی سپرہٹ فلموں میں موسیقی دینے والے اوتم سنگھ نے ممبئی سے نمائندہ ایکسپریس سے گفتگو کر رہے تھے ۔ اوتم سنگھ نے کہا کہ امرجیت کا 98کلو وزن ہوگیا تھا جس کو کم کرنے کے لیے چار ماہ سے ڈائٹنگ کر رہا تھا ، گیارہ اپریل بروز جمعہ کی شام اس سے بھوک برداشت نہیں ہوئی اس نے برگر کھالیا ، جس کے بعد ایک گلاس لسی بھی پی لی ،میں نے محسوس کیا اس کا چہرہ پیلا پڑ گیا ہے ، پوچھنے پر اس نے کہا کہ وہ ٹھیک ہے پھر وہ فورا باتھ روم چلا گیا۔


انھوں نے کہا کہ میں اورمیری بیوی کافی دیر تک بیٹے کے باتھ روم سے باہر آنے کا انتظار کرتے رہے۔ جب وہ کافی دیر باہر نہ آیا تو دروازہ کھٹکھایا ، آوازیں دیں مگر کوئی جواب نہ ملا تو ہمارے پاس دروازہ توڑنے کے علاوہ اور کوئی چارہ نہیں بچا تھا ،ہم نے دیکھا کہ اس کے منہ سے جھاگ نکل رہی ہے ۔ جس پر ہم نے فوری طور پر ایمبولینس منگوائی جسے ہمارے گھر تک پہنچنے میں تقریبا 45 منٹ لگ گئے ۔ اس کے بعد ہم اسے لے کر امبانی اسپتال پہنچے لیکن وہاں پہنچنے سے پہلے ہی وہ ہم سے دور جا چکا تھا۔

اوتم سنگھ نے کہا کہ ڈاکٹروں نے بتایا کہ امرجیب کی سانس کی نالی میں کھانا پھنس گیا اور اسی وجہ سے ان کی موت ہوئی۔ اوتم سنگھ نے کہا کہ امرجیت پیانو بہت اچھا بجاتا اس نے میرے ساتھ کام بھی کیا ، ویسے امرجیت آرکسٹرا میں کام کرتے تھے۔اوتم سنگھ نے کہا میں اپنے پاکستانی بہن بھائیوں اور پرستاورں کا بھی تہہ دل سے شکر گزار ہوں کہ جنہوں نے اس دکھ کی گھڑی میں اظہار ہمدردی کیا ۔
Load Next Story