محرم کا پیغام امن و سلامتی منبر محراب سے ہم آہنگی کو فروغ دیا جائے ایکسپریس فورم

تمام مسالک کے علماانتہا پسندانہ سوچ کومسترد کرتے ہیں،طاہراشرفی، محرم میں رواداری کے پیغام کوعام کرنا ہوگا،رمضان سیالوی

فورم میں طاہر اشرفی، مفتی رمضان سیالوی، زبیر احمد ظہیر، کاظم رضا نقوی شریک گفتگو ہیں ۔ فوٹو : ایکسپریس

محرم ادب و احترام اور حرمت والا مہینہ ہے جس کا پیغام امن و سلامتی ہے ، تمام انبیائے کرامؑ ، صحابہ کرامؓ ، خلفائے راشدین ؓ، ازواج مطہراتؓ اور اہل ِبیت اطہارؓ کی عزت سب پر لازم ہے۔

اس کے بغیر ایمان مکمل نہیں، جو شخص ان کی توہین و تکفیر کریگا تمام مکاتب فکر اس سے برات کرتے ہیں اور ایسے شخص کے خلاف سخت قانونی کارروائی کا مطالبہ کرتے ہیں ، محرم میں سیکیورٹی صورتحال کے حوالے سے نگران وزیراعلیٰ پنجاب نے اعلیٰ سطحی اجلاس بلایا ، علماء کے ساتھ بھی میٹنگ کی ، وزیر داخلہ ، آئی جی پنجاب نے بھی ملاقاتیں کیں ، انتظامیہ کی جانب سے کسی بھی ناخوشگورا واقعہ کو ہونے سے روکنے کیلیے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں ۔

ان خیالات کا اظہار مختلف مسالک کے علماء کا '' محرم الحرام میں امن و امان کی صورتحال '' کے حوالے سے منعقدہ '' ایکسپریس فورم '' میں کیا۔


چیئرمین علماء کونسل طاہر اشرفی نے کہا کہ پاکستان علماء کونسل نے محرم میں امن و امان کے قیام ، بین المسالک و بین المذاہب ہم آہنگی و رواداری کیلیے تمام مکاتب فکر اور مذاہب کی مشاورت سے پیغام پاکستان ضابطہ اخلاق جاری کر دیا ، تمام مکاتب فکر کے علماء و مشائخ ، خطباء، ذاکرین ، واعظین ، پیغام پاکستان ضابطہ اخلاق کی مکمل پابندی کریں گے۔ تمام مسالک کے علماء و مشائخ اور مفتیان پاکستان ، انتہا پسند انہ سوچ اور شدت پسندی کو مکمل مسترد کرتے ہیں۔

خطیب داتا دربار لاہور مفتی رمضان سیالوی نے کہا کہ امام عالی مقام سید الشہداء حضرت امام حسینؓ ، صورت ، سیرت ، ظاہر ، باطن ، تمام اوصاف حمیدہ سوائے نبوت کے ، حضورؐ کا عکس ہیں اس لیے آپ ؑکی آزمائش سخت ترین ہوئی ، سید الشہداء امام حسینؓ چونکہ نبی پاکؐ ، حضرت مولا کائنات علی المرضیٰؓ اور حضرت سیدہ فاطمۃ الزہرہؓ کی تربیت کا ثمر ہیں۔

امیر مرکزی جمعیت اہلحدیث پاکستان حافظ زبیر احمد ظہیر نے کہا کہ محرم کا مہینہ ادب ، احترام اور امن و سلامتی کا مہینہ ہے، اس سے اسلامی سال کا آغاز ہوتا ہے لہٰذا یہ تمام مسلمانوں کی مشترکہ ذمہ داری ہے کہ اس مبارک اور مقدس مہینے کا ادب و احترام یقینی بنائیں اور تمام انسانوں بالخصوص مسلمانوں کی عزت ، احترام ، توقیر اپنے لیے واجب قرار دیں ، منبر و محراب سے امن و ہم آہنگی کو فروغ دیا جائے۔

مرکزی رہنما شیعہ علما کونسل حافظ کاظم رضا نقوی نے کہا کہ پاکستان اس وقت انتہائی نازک دور سے گزر رہا ہے۔ ملک میں امن کی جتنی ضرورت اب ہے عالم اسلام اکٹھا ہو رہا ہے ، سعودی عرب ، ایران ، ترکی ، سب متحد ہو رہے ہیں ، مسلمان ممالک ایک طاقت کے طور پر سامنے آرہے ہیں ، ایسے میں ہمیں بھی چاہیے کہ تمام مسالک کے ماننے والے آپس کے معمولی اختلافات بھلا کر پاکستان کی خاطر اکٹھے ہوجائیں۔
Load Next Story