نگراں وزیراعظم کے لیے اسحاق ڈار کے نام پر کوئی مشاورت نہیں ہوئی پیپلز پارٹی

اتحادی نام دیں گے، تین نام شارٹ لسٹ ہوں گے، اپوزیشن لیڈر سے مشاورت ہوگی جس کے بعد نام فائنل ہوگا، شیری رحمان

اتحادی نام دیں گے، تین نام شارٹ لسٹ ہوں گے، اپوزیشن لیڈر سے مشاورت ہوگی جس کے بعد نام فائنل ہوگا، شیری رحمان (فوٹو : فائل)

شیری رحمان نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کی جانب سے نگراں وزیراعظم کے نام پر کوئی مشاورت نہیں ہوئی اور نہ ہی کوئی اتفاق ہوا ہے، کل ایک فیک نیوز کے ذریعے کسی کو نگراں وزیراعظم کا تاج پہنادیا گیا۔

شیری رحمان نے کہا کہ نگراں وزیراعظم کے حوالے سے ابھی کوئی فیصلہ نہیں ہوا، آئین میں نگراں وزیراعظم کی تقرری کا طریقہ کار طے ہے، وقت پر انتخابات سے ہی ملک میں استحکام ممکن ہے اور نگراں حکومت غیر جانب دار ہو تو بہتر ہے۔

پیپلز پارٹی کے رہنما فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ نگراں وزیراعظم کے نام پر اتفاق کی خبریں درست نہیں، دبئی میں ہونے والی آفیشلی یا ان آفیشلی ملاقاتوں کی کوئی ایک خبر بھی صداقت کے ساتھ باہر نہیں آئی، یہاں تک کہہ دیا گیا کہ اس پر راضی ہوگئے، ٹکٹیں تقسیم ہوگئیں، اس پر راضی اور اس پر لڑگئے لیکن دبئی میں تو کوئی ملاقاتیں ہی نہیں ہوئیں۔




انہوں ںے کہا کہ ہم تردید کرتے ہیں، اسحاق ڈار کا نام بطور نگراں وزیراعظم، پیپلز پارٹی کے پاس نہیں آیا، مسلم لیگ (ن) یا باقی جماعتوں کے پاس اختیار ہے کہ وہ جو نام دیں اس پر لیڈر شپ بیٹھے گی، تین نام شارٹ لسٹ ہوں گے، اپوزیشن لیڈر سے مشاورت ہوگی جس کے بعد نام فائنل ہوگا لیکن ابھی تک اسحاق ڈار کا نام پی پی کو نہیں دیا گیا، آئندہ کبھی دیا گیا تو میڈیا سے ضرورت ڈسکس کریں گے۔

انہوں ںے واضح کیا کہ دبئی میں کوئی ملاقاتیں نہیں ہوئی، چاہتے ہیں اسمبلی مدت پورے کرے اور ساٹھ دنوں میں انتخابات ہوں ، مردم شماری پر ہمیں بھی تحفظات ہیں۔
Load Next Story