محکمہ کالجز نے طلبا کیلیے اسٹوڈنٹس گائیڈ بک متعارف کرادی

گائیڈ بک میں قریبی کالج تک رسائی کے لیے گوگل میپ کے ذریعے راستے کا تعین اور وہاں تک جانے والی بسوں کی معلومات ہونگی

فوٹو: فائل

محکمہ کالجز سندھ نے طلبا کی آسانی کے لیے اسٹوڈنٹس گائیڈ بک متعارف کروادی جس میں قریبی کالج تک رسائی کے لیے گوگل میپ کے ذریعے راستے کا تعین اور وہاں تک جانے والی بسوں کی معلومات اور متعلقہ افسران کے فون نمبر بھی موجود ہوں گے۔

تفصیلات کے مطابق وزیر تعلیم سندھ سید سردار علی شاہ اور سیکرٹری کالج ایجوکیشن احمد بخش ناریجو کے احکامات پر کالج ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے طلبا کی آسانی کے لیے Students Guide Book بنائی ہے۔

اسٹوڈنٹس گائیڈ بک میں قریبی کالج تک رسائی کے لیے گوگل میپ کے ذریعے راستے کا تعین اور وہاں تک جانے والی بسوں کی معلومات اور متعلقہ افسران کے فون نمبر بھی موجود ہوں گے۔اس کے ساتھ ساتھ تمام فیکلٹی کے کٹ آف کی لسٹ موجود ہوگی، یہ کوشش طلبہ کو کسی قسم کی پریشانی سے بچنے کے لیے کی گئی ہے۔

اس حوالے سے ڈائریکٹر جنرل کالجز سندھ شاداب حسین نے ایکسپریس سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ اسٹوڈنٹس گائیڈ لائن میں بسز کے تمام روٹس موجود ہوں گے کہ کون سی بس کس وقت جائے گی اور فوکل پرسن کا نمبر بھی موجود ہوگا۔


انہوں نے کہا کہ اس مرتبہ طلبا کے داخلے ضلعی سطح پر نہیں بلکہ زون وائز تقسیم کیے گئے ہیں، اس سسٹم کے ذریعے طلبا کو سب سے قریب کالج میں داخلہ ملے گا تا کہ طلبا کیلیے آنے جانے میں آسانی ہو۔ انہوں نے بتایا کہ کراچی میں کالجوں کو 9 زون میں تقسیم کیا گیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا اب اے ، بی ، سی ، ڈی گریڈ والے طلبا ایک ہی کالج میں پڑھیں گے مگر اے اور اے پلس گریڈ حاصل کرنے والے طلبا کو یہ اختیار ہوگا کہ وہ کسی بھی کالج میں پڑھ سکیں۔ ڈپٹی سیکرٹری راشد احمد کھوسو نے کہا کہ یہ اسٹوڈنٹ گائیڈ بک طلبا کے لیے انتہائی مفید ثابت ہوگی۔

میٹرک کی طالب علم نمرہ نے ایکسپریس سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ سب سے زیادہ مشکل ایک لڑکی کیلیے تعلیمی ادارے میں آنے جانے میں ہوتی ہے ، موجودہ حالات کے باعث خوف رہتا تھا اور والدین اسکول، کالج چھوڑنے اور لینے کے پابند تھے مگر اب کالج قریب کا ہوگا ، بس کے اوقات، روٹ سب معلوم ہوگا۔ نمرہ نے کہا اس طرح پڑھائی اور آسان ہو جائے گی۔

 
Load Next Story