گلشن اقبال میں پولیس مقابلہ ایک ڈکیت ہلاک اور دوسرا گرفتار

گلشن اقبال میں ایک ہوٹل پر8 دوست ہفتے کی صبح ناشتہ کررہے تھے کہ 2 ملزمان نے انہیں لوٹا تاہم ان کا سامنا پولیس سے ہوگیا

ملزمان کی شہریوں کو لوٹنے کی تصویر (فوٹو : ویڈیو اسکرین شاٹ)

گلشن اقبال کے علاقے میں پولیس مقابلے کے دوران ایک ڈکیت ہلاک او دوسرا گرفتار کرلیا گیا۔

ایکسپریس کے مطابق گلشن اقبال بلاک ون شبیر عثمانی روڈ غوثیہ مسجد کے قریب واقع ایک ہوٹل پر 8 دوست ہفتے کی صبح ناشتہ کررہے تھے کہ اس دوران موٹر سائیکل سوار 2 ملزمان نے دھاوا بول کر نقدی اور موبائل فونز چھین لیے اور فرار ہونے لگے، کچھ فاصلے پر ملزمان کا ٹکراؤ پولیس سے ہوگیا پولیس نے ملزمان کو پکڑنے کی کوشش کی تو ملزمان نے پولیس پر فائرنگ کردی۔


پولیس کی جوابی فائرنگ سے ایک ڈکیت ہلاک جبکہ دوسرے کو گرفتار کرکے اسلحہ، موٹر سائیکل، چھیننے ہوئے 7 موبائل فونز اور نقدی برآمد کرلی گئی۔

ڈی ایس پی گلشن اقبال سہیل خان کے مطابق ملزمان کی فائرنگ سے پولیس اہلکار معجزانہ طور پر محفوظ رہے، مرنے والے کی شناخت ایاز اور گرفتار ملزم کی شناخت طارق کے ناموں سے ہوئی، ہلاک و گرفتار ملزمان عادی جرائم پیشہ عناصر ہیں، وہ زیادہ تر وارداتیں گلشن اقبال،عزیز بھٹی، گلستان جوہر اور دیگر علاقوں میں کرتے تھے، پولیس نے قانونی کارروائی کے بعد لاش کو سرد خانے میں رکھوادیا۔

ایس ایچ او گلشن اقبال ارشد آفریدی کے مطابق واقعے کی سی سی فوٹیج حاصل کرلی گئی جس میں دیکھا جاسکتا ہے 8 نوجوان ہوٹل کے باہر فٹ پاتھ پر کرسیوں پر بیٹھے ناشتہ کررہے تھے، اسی دوران موٹر سائیکل سوار 2 ملزمان آتے ہیں اسلحے کے زور پر سب کو یرغمال بناکر موبائل فونز اور نقدی چھین لیتے ہیں ملزمان کے فرار ہوتے ہوئے ایک نوجوان ملزمان کو کرسی مارتا ہے اس کے باوجود ملزمان فرار ہوتے ہیں کچھ فاصلے پر ملزمان کو ٹکراو پولیس سے ہوجاتا ہے۔
Load Next Story