دورہ آسٹریلیا شاہینز پہلی آزمائش میں ناکام

ناردرن ٹریٹری 59 رنز سے کامیاب، روحیل 41، شامل حسین 26 پر آؤٹ

ناردرن ٹریٹری 59 رنز سے کامیاب، روحیل 41، شامل حسین 26 پر آؤٹ۔ فوٹو: اسکرین گریب

آسٹریلیا کے دورے میں پاکستان شاہینز پہلی آزمائش میں ناکام ہوگئے۔

پاکستان شاہینز کو دورہ آسٹریلیا کے پہلے ٹوئنٹی 20 میچ میں ناردرن ٹیریٹری نے 59 رنز سے قابو کرلیا، ڈارون کے گارڈنز اوول میں منعقدہ مقابلے میں این ٹی اسٹرائیک نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 185 رنز اسکور بورڈ پر جوڑے۔

ناردرن ٹیریٹری کے جیک ووڈ نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے آل راؤنڈ پرفارمنس دی، انھوں نے 24 رنز بنانے کے علاوہ 4 وکٹیں بھی حاصل کیں۔ پرم اوپل اور جوش کین نے بھی قومی بولرز کو تھکایا، پرم اوپل نے صرف 28 گیندوں پر59 رنز ناقابل شکست بنائے، ان کی اننگز میں 6 چوکے اور 2 چھکے شامل رہے۔

یہ بھی پڑھیں: ذکا اشرف کی پاکستان شاہینز کو ایمرجنگ ایشیاکپ جیتنے پر مبارک باد

جوش کین نے بھی جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 31گیندوں پر 47 رنز اپنے نام درج کرائے، 4 چھکے اور 2 چوکے بھی ان کی اننگز کا حصہ رہے، جیسن سانگھا نے 26 اور جیک ووڈ نے24 رنز بنائے۔عرفات منہاس اور عالیان محمود نے 2،2 وکٹیں نام کیں۔


جواب میں پاکستان شاہینز نے 18.4 اوورز میں 126 رنز پر ہمت ہاردی۔ شاہینز کی اننگز کا آغاز مایوس کن رہا اور پہلے اوور کی پہلی 2 گیندوں پر ہی باسط علی اور شاویز عرفان میدان بدر ہوگئے۔

اسکور بورڈ پر کھاتہ کھلنے سے قبل 2 وکٹیں گرجانے کے بعد شامل حسین اور کپتان روحیل نذیر اسکور کو 49 تک لے گئے اس موقع پر شامل حسین 2 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 26 رنز بناکر پویلین کی راہ لی، کپتان روحیل نذیر 2 چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے 41 رنز بنائے۔

مزید پڑھیں: بھارت کیخلاف فائنل سے قبل بابر اعظم کے شاہینز کو مفید مشورے

پاکستان شاہینز نے 5 وکٹ پر 91 رنز اسکور بورڈ پر جوڑے تاہم وقفے وقفے سے گرنے والی وکٹوں کی وجہ سے شاہینز دوران میچ کسی بھی موقع پر مضبوط پوزیشن میں نہ آسکی اور پوری ٹیم ہدف سے 59رنز قبل آل آؤٹ ہوگئی۔

ٹام مینز نے 24 رنز دیکر 4 پلیئرز کو پویلین چلتا کیا جبکہ جیک ووڈ نے بھی 4 وکٹیں اڑانے کے لیے 28رنز دیے۔شاہینز اپنا دوسرا میچ پیر کو اے سی ٹی کامیٹس کے خلاف کھیلے گی۔
Load Next Story