کراچی میں پانی کا بحران برقرار شہریوں کو41 ارب کے واجبات ادا کرنے کا انتباہ

نارتھ کراچی پر ڈھائی ارب روپے کے بقایاجات ہیں، واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن

فوٹو :فائل

شہر میں ایک طرف پانی کا بدترین بحران برقرار ہے وہیں دوسری طرف واٹر کارپوریشن نے مختلف علاقوں میں بقایا جات کے اعداد و شمار جاری کردیے۔

کارپوریشن نے شہریوں کو متنبہ کیا ہے کہ وہ اپنے بقایا جات جلد ادا کریں بصورت دیگر ان بقایا جات کی وصولی کے لیے انکی جائیدادوں کی قرقی ہوسکتی ہے۔

واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کے مطابق نارتھ کراچی پر کل بقایا جات تقریباً ڈھائی ارب جبکہ پورے کراچی کے تمام صارفین پر 41 ارب روپے کے واجبات ہیں۔


واٹر بورڈ کارپوریشن کے مطابق شادمان ٹاؤن اور بفرزون کو حب سورس کے ساتھ ساتھ K-3 لائن سے بھی پانی فراہم کیا جاتا ہے۔ صرف K-3 لائن کی تفصیلات بتاتی ہیں کہ 18 کروڑ 50 لاکھ روپے ہر ماہ واجب الادا ہیں جبکہ 61,948 بلوں کے مقابلے میں ادائیگی کرنے والے صارفین کی تعداد صرف 18,400 ہے۔

نارتھ کراچی سے واٹر کارپوریشن کو جمع کرائی گئی کل رقم صرف 1 کروڑ 65 لاکھ ہے اسی طرح نارتھ کراچی میں بل ادا کرنے والے صارفین کی تعداد صرف 9 فیصد ہے۔

واٹر کارپوریشن کے مطابق گڈاپ ٹاؤن کے یوسف گوٹھ، صدیق گوٹھ اور رحیم گوٹھ سے کارپوریشن کی ماہانہ ڈیمانڈ 9,870,470 روپے ہے تاہم ان علاقوں سے کارپوریشن کو صرف 97,060 جمع کروائے گئے ہیں جس کی شرح صرف 0.98 فیصد ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ تمام عوامی نمائندوں سے خصوصی درخواست ہے کہ وہ کراچی کے تمام علاقوں بشمول نارتھ کراچی اور سرجانی سے واٹر کارپوریشن کو واجب الادا رقم دلوانے میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں تاکہ شہریوں کو مزید بہترین سہولیات فراہم کی جاسکیں۔
Load Next Story