چیئرمین پی ٹی آئی کی توشہ خانہ ٹرائل روکنے کی استدعا پھر مسترد

ہم اس وقت ٹرائل کورٹ کی کارروائی میں مداخلت نہیں کر سکتے، جسٹس یحییٰ آفریدی

ہم اس وقت ٹرائل کورٹ کی کارروائی میں مداخلت نہیں کر سکتے، جسٹس یحییٰ آفریدی

سپریم کورٹ نے چیئرمین پی ٹی آئی کی توشہ خانہ ٹرائل روکنے کی استدعا پھر مسترد کردی۔

سپریم کورٹ میں جسٹس یحییٰ آفریدی کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے کیس کی سماعت کی.

جسٹس یحییٰ آفریدی نے ریمارکس دیئے کہ جو ریلیف آپ نے مانگا وہ ہم نے دے دیا تھا،حیرت ہے آپ نے پھر بھی سپریم کورٹ سے رجوع کیا،ہائیکورٹ میں کیس اب کب کے لئے مقرر ہے۔

وکیل درخواست گزار نے جواب دیا کیس کل ہائیکورٹ میں سماعت کے لئے مقرر ہے،اصل سوال دائرہ اختیار کا ہے۔


جسٹس یحییٰ آفریدی نے کہا آپکی درخواست غیرموثر ہوچکی تھی پھر بھی ہم نے سنا اور آرڈر دیا،ہم صورتحال کو سمجھ رہے ہیں،ہم نے حکمنامے میں لکھا تھا ہائیکورٹ درخواستوں کو اکھٹا سنے،ہوسکتا ہے جو ریلیف آپ مانگ رہے ہیں وہ ہائیکورٹ فیصلہ کردے،پہلے ہائیکورٹ کو فیصلہ کرنے دیں۔

وکیل درخواست گزار نے کہاہائیکورٹ نے حکم امتناع نہیں دیا اس لئے سپریم کورٹ آئے ہیں. جسٹس یحییٰ آفریدی نے کہا اگر آپکو ریلیف نہیں ملتا تو سپریم کورٹ میں مقدمہ زیر سماعت ہے.

سپریم کورٹ نے توشہ خانہ ٹرائل روکنے کی استدعا پھر مسترد کردی.

جسٹس یحییٰ آفریدی نے کہا ہم اس وقت ٹرائل کورٹ کی کارروائی میں مداخلت نہیں کر سکتے،جب اسلام آباد ہائیکورٹ نے کوئی آرڈر ہی نہیں دیا تو ہم کیسے کیس سنیں،آپ نے بغیر آرڈر سپریم کورٹ سے رجوع کیا.

عدالت نے الیکشن کمیشن کو نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت جمعہ دن ساڑھے گیارہ بجے تک ملتوی کردی. عدالت نے قرار دیا اسلام آباد ہائیکورٹ کو پہلے فیصلہ کرنے دیں.
Load Next Story