بھارت میں پاکستانی ہائی کمیشن کو دھمکی آمیز خط موصول

پاکستانی ہائی کمیشن کے اسٹاف کی سیکیورٹی میں اضافہ کیا جائے اور دھمکی آمیز خط کی تفتیش کرائی جائے، پاکستانی ہائی کمیشن

پاکستانی ہائی کمیشن کے اسٹاف کو ہر ممکن سیکیورٹی فراہم کی گئی ہے، بھارتی حکام فوٹو: فائل

بھارت میں پاکستانی ہائی کمیشن کو دھمکی آمیز خط موصول ہوا جس کے بعد پاکستان نے بھارت سے اپنے ہائی کمیشن کے اسٹاف کے لئے اضافی سیکیورٹی کا مطالبہ کیا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق دھمکی آمیز خط پاکستانی ہائی کمیشن کو کچھ دن قبل موصول ہوا جس کے بعد بھارت میں پاکستان کے ڈپٹی ہائی کمشنر نے بھارتی دفتر خارجہ کے حکام سے ملاقات کی اور انہیں خط کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ پاکستانی ہائی کمیشن کے اسٹاف کی سیکیورٹی میں اضافہ کیا جائے اور دھمکی آمیز خط کی تفتیش کرائی جائے تاکہ اصل محرکات کا پتہ چلایا جاسکے۔


دوسری جانب بھارتی حکام کا کہنا ہے کہ دھمکی آمیز خط بھیجنے والوں کا فی الحال پتا نہیں تاہم اس سے متعلق سیکیورٹی اداروں کو آگاہ کرکے انہیں الرٹ رہنے کی ہدایت کردی گئی ہے۔ حکام کا کہنا تھا کہ تمام غیر ملکی سفارت خانوں کو ہر ممکن سیکیورٹی فراہم کی جاتی ہے اور پاکستانی ہائی کمیشن کے اسٹاف کو بھی ہر ممکن سیکیورٹی فراہم کی گئی ہے۔

واضح رہے کہ ہندو انتہا پسندوں کی جانب سے پاکستان کو کسی بھی طرح کا نقصان پہنچانے کی کوشش کا یہ کوئی پہلا واقعہ نہیں اور جب بھارت میں انتخابات لڑنے والے امیدوار ہی اپنی انتخابی مہم کو چمکانے کے لئے پاکستان کے خلاف زہر اگلنے لگیں تو ہندو انتہا پسندوں کو اور بھی شے مل جاتی ہے، مسلمانوں اور پاکستان سے اپنی نفرت ظاہر کرنے کا بھارتیہ جنتا پارٹی کے وزارت عظمیٰ کے امیدوار نریندر مودی کا حالیہ بیان ہی کافی ہے جس میں انہوں نے الزام عائد کیا تھا کہ داؤد ابراہیم پاکستان میں ہے اور اسے پکڑنے کے لئے اگر پاکستان میں آپریشن کرنے کی بھی ضرورت پڑی تو وہ اس سے گریز نہیں کریں گے۔
Load Next Story