ایشین ہاکی ٹرافی ملائیشیا نے پاکستان کو 13 سے شکست دے دی

پاکستان اپنا دوسرا میچ جمعہ کو دفاعی چیمپئن کوریا کے خلاف کھیلے گا

فوٹو: ٹوئٹر

ایشین ہاکی چیمپئینز ٹرافی کے میچ میں ملائیشیا نے پاکستان کو 1-3 سے شکست دے دی۔

چنئی میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان ہاکی ٹیم کو اپنے پہلے ہی میچ میں شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ ملائشیا نے پاکستان کو با آسانی 1-3 سے شکست دے دی۔

ہاف ٹائم تک ملائیشیا کو دو صفر کی برتری حاصل تھی، 44 ویں منٹ میں سلویرئس نے ملائیشیا کو تین صفر کی برتری دلا دی۔ میچ کے 55 ویں منٹ میں پاکستان کی طرف سے عبدالرحمان نے پہلا گول کیا۔

پاکستان اپنا دوسرا میچ جمعہ کو دفاعی چیمپئن کوریا کے خلاف کھیلے گا جب کہ 6 اگست کو جاپان، 7 اگست کو چین اور 9 اگست کو روایتی حریف بھارت سے مدمقابل ہو گا۔

مزید پڑھیں: ایشین ہاکی چیمپیئنر ٹرافی؛ تمام ٹیمیں ایونٹ میں شرکت کریں گی، فیڈریشن


ایونٹ کے افتتاحی میچ میں دفاعی چیمپئن کوریا نے فاتحانہ آغاز کرتے ہوئے گزشتہ ایونٹ کی فائنلسٹ جاپان کو 1-2 سے شکست دی۔

دوسری جانب پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) نے محمد ثقلین کی قومی ٹیم کے ہیڈکوچ کے طور پر تقرری کے حوالے سے ٹیم مینجمنٹ کو آگاہ کردیا ہے جبکہ چیمپئنز ٹرافی کے لیے لوکل فزیو کی خدمات بھی حاصل کرلی ہیں۔

مزید پڑھیں: ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی؛ قومی ٹیم بھارت میں داخل ہوگئی

اس سے قبل ہاکی فیڈریشن نے شہناز شیخ کو ہیڈکوچ بنایا تھا تاہم وہ ویزا مسائل کی وجہ سے ٹیم کے ساتھ بھارت نہیں جاسکے۔

پاکستان ٹیم نے ملائیشیا کے خلاف میچ سے قبل گزشتہ روز بھرپور پریکٹس کی، ٹیم کے کپتان عمر بھٹہ نے کہا کہ ایونٹ میں نوجوانوں اور سینئرز کے کمبینیشن سے بہتر پلاننگ کے ساتھ اچھے نتائج دینے کی کوشش کریں گے۔

Load Next Story