لاہور سے نیب کے 2 جعلی افسران گرفتار

ملزمان کے قبضہ سے حساس اداروں کے جعلی کاغذات، سروس کارڈ، شناختی کارڈز اور جعلی تصاویر بھی برآمد ہوئیں

فوٹو ایکسپریس

کھلی کچہری میں موصول ہونیوالی شکایت پر نیب لاہور نے دھوکہ دہی کے مرتکب جعلی نیب افسران بلاول ہارون اور اکمل کو گرفتار کر لیا، ملزمان کے قبضہ سے حساس اداروں کی جعلی اسٹمپ، لیٹر پیڈ، سرکاری افسران کے جعلی وزیٹنگ کارڈز اور متاثرین سے لوٹا گیا کیش برآمد ہوا ہے۔

نیب ترجمان کے مطابق ملزمان کے قبضہ سے حساس اداروں کے جعلی کاغذات، سروس کارڈ، شناختی کارڈز اور جعلی تصاویر بھی برآمد ہوئیں، گرفتار ہونے والے ملزمان سادہ لوح افراد کو کام نکلوانے کا جھانسہ دے کر خطیر رقوم بھی بٹورتے رہے اور بعد ازاں جان سے مارنے کی دھمکیاں بھی دیتے رہے۔

نیب لاہور کے مطابق ڈی جی نیب لاہور امجد مجید اولکھ نے حالیہ کھلی کچہری میں ملزمان کیخلاف شکایت موصول ہونے پر فوری گرفتاری کا ٹاسک دیا، ملزمان ایک گروہ کی مانند عوام کے سامنے خود کو حساس ادارے کا افسر ظاہر کرکے لاکھوں روپے وصول کرچکے تھے۔




ترجمان کے مطابق چیئرمین نیب لیفٹینٹ جنرل (ر) نزیر احمد کی جانب سے واضع ہدایات ہیں کہ کرپشن کیسز کی تحقیقات میں صرف کال اپ نوٹسز کے ذریعے ہی ملزمان و متاثرین سے رابطہ کیا جائے۔ نیب کیجانب سے تاحال 13 ایسے ملزمان کی گرفتاری عمل میں لائی جا چکی ہے جنہیں ضروری تحقیقات کے بعد پولیس کے حوالہ کردیا گیا۔

ترجمان نے کہا کہ عوام کو آگاہ کیا جاتا ہے کہ کسی بھی شکایت کی صورت میں نیب لاہور انٹیلی جنس ونگ یا ترجمان آفس و ہیلپ لائن نمبر پر رابطہ کیا جاسکتا ہے۔
Load Next Story