این ٹی سی میں سائبرسیکیورٹی مانیٹرنگ سسٹم نصب کردیا گیا

سائبر سیکیورٹی مانیٹرنگ سسٹم کے نفاذ کے بعد این ٹی سی کا ڈیٹا اور سرورز مزید محفوظ ہوگئے ہیں، وفاقی وزیر آئی ٹی

فوٹو: فائل

وفاقی حکومت نے سائبر حملوں سے بچاؤ اور ہیکنگ کی روک تمام کے ساتھ ساتھ نیشنل ٹیلی کمیونیکیشن کارپوریشن کا ڈیٹا اور سرورز مزید محفوظ بنانے کیلیے سائبر سیکیورٹی مانیٹرنگ سسٹم متعارف کروادیا۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر آئی ٹی سید امین الحق نے این ٹی سی ہیڈ کوارٹرز میں سائبر سیکیورٹی مانیٹرنگ سسٹم کا افتتاح کیا، اس موقع ایم ڈی این ٹی سی معراج گل سمیت دیگر متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔

اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی سید امین الحق نے کہا کہ وزارت آئی ٹی کے ادارے نیشنل ٹیلی کمیونیکیشن کارپوریشن نے ایک اور سنگ میل عبور کرلیا ہے، اس سائبر سیکیورٹی مانیٹرنگ سسٹم کے نفاذ کے بعد این ٹی سی کا ڈیٹا اور سرورز مزید محفوظ ہوگئے ہیں۔


انہوں نے کہا کہ مانیٹرنگ سسٹم کے تحت این ٹی سی کے سائبر اسپیس اور ڈیٹا کی مکمل اور مربوط مانیٹرنگ ہوسکے گی، سسٹم کسی بھی ہیکنگ یا سائبر اٹیک کے بارے میں متعلقہ سیکشن کو فوری آگاہ کردے گا، یہ سسٹم این ٹی سی کے مجموعی نظام کو عالمی معیار کے مطابق مانیٹر کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ وزارت آئی ٹی کی مسلسل کوشش ہے کہ این ٹی سی کو وقت کے تقاضوں کے لحاظ سے اپ ڈیٹ کیا جاتا رہے، ان کا کہنا تھا کہ ڈیجیٹل دور میں جہاں ہر روز ایک نئی ایجاد و جدت سامنے آرہی ہے وہیں سائبر حملوں کے خطرات بھی بڑھ رہے ہیں۔

امین الحق نے کہا کہ ان حملوں کی بروقت اور مؤثر روک تھام کیلیے سسٹمز کو اپ ڈیٹ اور جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا ضروری ہے، دریں اثنا این ٹی سی اور چین کی معروف کمپنی سن واک کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط بھی کیے گئے۔
Load Next Story