عمران خان تاحیات پی ٹی آئی کے چیئرمین رہیں گے کورکمیٹی کا فیصلہ

پی ٹی آئی کور کمیٹی نے متفقہ قرار داد منظور کرلی، اجلاس میں آئندہ کی سیاسی حکمت عملی کے حوالے سے بھی اہم فیصلے

فوٹو فائل

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی کور کمیٹی نے پارٹی چیئرمین کا عہدہ عمران خان کے لیے تاحیات مختص کردیا۔

پاکستان تحریک انصاف کی کور کمیٹی کا اہم اجلاس وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کی زیر صدارت ہوا، جس میں کور کمیٹی کی متفقہ قرارداد کی منظوری کے بعد چیئرمین کا منصب تاحیات بانی چیئرمین عمران خان کیلیے مختص کردیا گیا۔

کور کمیٹی نے جیل سے چیئرمین کی جانب سے بھیجی جانے والی ہدایات کی روشنی میں یوم آزادی بھرپور انداز سے منانے کا فیصلہ کیا۔ اعلامیے کے مطابق پاکستان تحریک انصاف پاکستان اور دنیا بھر میں یومِ آزادی کی مناسبت سے خصوصی تقریبات منعقد کی جائیں گی۔

علاوہ ازیں چیئرمین عمران خان کی منظوری سے تحریک انصاف نے مشترکہ مفادات کونسل کے فیصلوں کو عدالتِ عظمیٰ کے روبرو چیلنج کرنے کا بھی فیصلہ کیا جبکہ انتخابات کو التوا کا شکار کرنے کی ہر کوشش کی بھرپور قانونی و سیاسی مزاحمت کا اعلان کیا۔


اعلامیے کے مطابق پی ٹی آئی بنیادی حقوق اور شخصی آزادیوں کے تحفظ کیلیے آفیشل سیکرٹ ایکٹ میں کی گئی ترامیم کو بھی عدالتِ عظمیٰ کے روبرو چیلنج کرے گی۔

پی ٹی آئی کی کور کمیٹی نے کہا کہ فسطائی سرکار کی جانب سے قوانین کو خون آشام بنانے کے سلسلے کی راہ روکیں اور حقوق و شخصی آزادیوں کا ہر حال میں تحفظ کریں گے۔ علاوہ ازیں کور کمیٹی نے تحریک انصاف کو "بلّے" کے انتخابی نشان سے محروم کرنے کی ہر کوشش کی بھی بھرپور مزاحمت کا فیصلہ کیا۔

اعلامیے میں کہا گیا کہ "بلّے" کا انتخابی انشان بطور جماعت ہمارا حق ہے، سلب کرنے کی قابلِ مذمّت کوشش کی گئی تو ہر ممکن قانونی و سیاسی طریقے سے چیلنج کریں گے۔

اجلاس میں قانونی ٹیم کی جانب سے توشہ خانہ فیصلے کیخلاف اپیل، چیئرمین عمران خان سے جیل میں وکلا و دیگر کی ملاقاتوں سمیت متعلقہ امور پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
Load Next Story