ریلوے پولیس کے عملے نے لاکھوں کے زیورات مسافر کے حوالے کردیے

مسافر بیگ بھول گیا تھا، ریلوے پولیس نے بیگ میں موجود اسکول کی کتابوں کے ذریعے مالک کا سراغ لگایا

ریلوے پولیس کے فرض شناس اہلکار مسافرکی گمشدہ جیولری اس کے حوالے کررہے ہیں، (فوٹو: ایکسپریس )

ریلوے پولیس کے دیانتدار اور فرض شناس اہلکاروں نے مسافر کو لاکھوں روپے مالیت کے گمشدہ زیورات لوٹا کر ایمانداری کی مثال قائم کردی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق مسافر عمر مسکین فیملی کے ساتھ ٹرین تیزگام میں کراچی سے لاہور کیلیے سفر کر رہا تھا، لاہور ریلوے اسٹیشن پر ٹرین بدلتے وقت اپنا بیگ ٹرین میں ہی بھول گیا۔

ریلوے پولیس نے بیگ کو اپنی تحویل میں لے کر چیک کیا تو اس میں تقریباً پانچ لاکھ روپے مالیت کے دو تولہ زیورات اور دیگر قیمتی سامان موجود تھا۔


ریلوے پولیس کی ہیلپ ڈیسک نے بیگ میں موجود اسکول کی کتابوں کے ذریعے اصل مالک کا سراغ لگا کراسے بیگ کے بارے میں اطلاع دی۔

مسافر کے پہنچنے پر بیگ مع زیورات اور دیگر سامان اس کے حوالے کردیا گیا، مسافر نے سامان وصول کرتے وقت ریلوے پولیس کی فرض شناسی اور ایمانداری پر تشکر کا اظہار کیا۔

 

 
Load Next Story