پریم چوپڑا کی سوانح عمری’’ پریم نام ہے میرا‘‘ دبئی میں بھی شائع کردی گئی

میری بیٹی رکھتا نندا کی تحریرکردہ کتاب پاکستان،امریکا اوردیگر ممالک میں بھی لانچ کی جائے گی، پریم چوپڑا

میری بیٹی رکھتا نندا کی تحریرکردہ کتاب پاکستان،امریکا اوردیگر ممالک میں بھی لانچ کی جائے گی، پریم چوپڑا۔ فوٹو : فائل

بالی وڈ فلموں کے معروف ولن پریم چوپڑا کی سوانح حیات ''پریم نام ہے میرا'' دبئی میں بھی شائع کردی گئی ہے۔

جس کی لانچنگ تقریب کا اہتمام انڈیا کلب نے کیا تھا جس میں شرکت کے لیے پریم چوپڑا اپنی بیٹی رکھتا نندا کے ہمراہ خصوصی طور پر انڈیا سے دبئی پہنچے ۔ جہاں پر ان کا شاندار استقبال کیا گیا ۔ اس تقریب میں دبئی کی معروف سیاسی ، سماجی اور شوبز سمیت دیگر شعبوں سے تعلق رکھنے والے لوگوں کی کثیرتعداد موجود تھی۔ اس موقع پر پریم چوپڑا نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بائیوگرافی ترتیب دینے کا ارادہ تھا مگر مصروفیت کی وجہ سے ممکن نہیں ہورہا تھا۔


میری بیٹی رکھتا نندا نے یہ ذمے داری اٹھائی اور ڈیڑھ سال کے عرصہ میں اسے پایہ تکمیل تک پہنچایا۔ انھوں نے کہا کہ اس کتاب میں بچپن سے لے کر اب تک کی زندگی کے نشیب وفراز اور اپنی یادوں کو قلمبند کیا ہے۔ ممبئی میں اس کی لانچنگ تقریب میں ساتھی فنکار رشی کپور ، رندھیر کپو(ڈبو)، امیتابھ بچن ، انیل کپور سمیت دیگر اسٹارز شریک ہوئے۔اب دبئی میں بھی جس طرح سے اس کتاب کو پذیرائی مل رہی ہے۔

اس پر آپ سب کا تہہ دل سے مشکور ہوں ، اپنی بائیو گرافی کو شائع کرنے کا مقصد صرف اپنے چاہنے والوں کو یہ بتانا ہے کہ کامیابیاں حاصل کرنے کے لیے کتنی جدوجہد کرنا پڑتی ہے۔ مجھے اپنی بیٹی رکھتا نندا پر فخر ہے کہ جس نے میرے خواب کو شرمندہ تعبیر کیا ، اب اس کو پاکستان اور امریکا سمیت دیگر ممالک میں بھی لانچ کیا جائیگا۔ اس موقع پر انڈیا کلب دبئی کے وکرم اورڑا، رام بوکھانی ، انوراگ بھوشن اور کتاب کی رائٹر رکھتا نندا کے ساتھ انھوں نے کتاب ''پریم نام ہے میرا'' کے نام سے شائع کیا۔
Load Next Story