قومی پرچم میں منشیات چھپا کر قطر اسمگل کرنے کی کوشش ناکام

اے این ایف نے 78 کلو سے زائد منشیات برآمد کرلی، کوسٹ گارڈز کی کارروائی میں 129 کلو چرس اور اسلحہ برآمد

منشیات فلیگ اسٹکس میں چھپا کر بیرون ملک اسمگل کی جا رہی تھی

اے این ایف نے قومی پرچم میں منشیات چھپا کر قطر اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنادی۔

ترجمان کے مطابق اینٹی نارکوٹکس فورس کی منشیات کے خلاف ملک گیر کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے۔ حالیہ آپریشن میں 8 کارروائیوں کے دوران 78 کلو گرام سے زائد منشیات برآمد کرکے 8 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔

حکام نے جناح انٹرنیشنل ائرپورٹ کراچی پر واقع کوریئر آفس میں پارسل سے آئس برآمد کرلی۔ 800 گرام آئس فلیگ اسٹکس میں چھپا کر قطر اسمگل کی جا رہی تھی۔ دوسری کارروائی میں حب میں واقع وندر کے قریب بس سے 4 کلوگرام ہیروئن اور ایک کلوگرام آئس برآمد کرکے تربت کے رہائشی 2 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔

دریں اثنا موٹروے ٹول پلازہ اسلام آباد کے قریب کار سے 5 کلوگرام ہیروئن اور 6 کلوگرام چرس برآمد کرکے گاڑی میں سوار خیبر اور پشاور کے رہائشی 2 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ اُدھر مسری خان چوک پشاور کے قریب واقع گھر سے 21 کلوگرام ہیروئن برآمد کرکے پشاور کا رہائشی ملزم گرفتار کرلیا گیا۔


مانسہرہ میں بیدری چوک کے قریب مقامی منشیات فروش کے قبضے سے 300 گرام چرس برآمد کرلی گئی۔ سیالکوٹ میں واقع کوریئر آفس میں پارسل سے ہیروئن برآمد کرلی گئی۔ 5 کلوگرام ہیروئن سرجیکل آئٹمز میں چھپا کر کینیڈا اسمگل کی جا رہی تھی۔ دوسری جانب ملتان ائرپورٹ پر مسافر کے پیٹ سے 30 ہیروئن بھرے کیپسول برآمد ہوئے۔ لاہور کا رہائشی ملزم بذریعہ پرواز نمبر G-9559 سری لنکا روانہ ہو رہا تھا۔

گوجرہ انٹرچینج کے قریب ہنڈا کار سے 19 کلو 200 گرام افیون اور 20 کلو 400 گرام چرس برآمد کرکے کار میں سوار سوات کے رہائشی ملزم کو گرفتار کرلیا گیا۔ ترجمان اے این ایف کے مطابق گرفتار ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے مزید تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

علاوہ ازیں پاکستان کوسٹ گارڈزکی ایک کارروائی میں چرس برآمد کرکے اسمگلر کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ ترجمان کوسٹ گارڈز کے مطابق وندربلوچستان کے راستے بھاری مقدار میں منشیات اسمگلنگ ہونے کی اطلاعات پر ڈی جی پاکستان کوسٹ گارڈز نے متعلقہ کمانڈر کو چیکنگ سخت کرنے کے احکامات جاری کیے۔

بعد ازاں دوران چیکنگ ناکا کھاری چیک پوسٹ پر کار کے خفیہ خانوں میں چھپائی گئی 129کلوگرام چرس، 30بور پسٹل بمعہ02میگزین اور 14 راؤنڈز برآمد کرکے ڈرائیور کو حراست میں لے کر قانونی کارروائی شروع کردی ہے۔ ترجمان کے مطابق پاکستان کوسٹ گارڈزمنشیات کی روک تھام کے لیے ہمہ وقت مصروف عمل ہے۔منشیات کی لعنت سے معاشرے کو صاف کرنے میں اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔
Load Next Story