وقار یونس کی مشاورت سے قومی کرکٹ ٹیم کے دیگر کوچز کی ’’نقاب کشائی‘‘ آئندہ ہفتے ہوگی

ہم ہیڈ کوچ سے رابطے میں ہیں، معاون کوچنگ اسٹاف کا اعلان 4،5 روز میں کر دیا جائے گا، انتخاب عالم

ہم ہیڈ کوچ سے رابطے میں ہیں، معاون کوچنگ اسٹاف کا اعلان 4،5 روز میں کر دیا جائے گا، انتخاب عالم فوٹو: رائٹرز/فائل

وقار یونس کی مشاورت سے قومی کرکٹ ٹیم کے دیگر کوچز کی ''نقاب کشائی'' آئندہ ہفتے ہوگی، رکن ہنٹ کمیٹی انتخاب عالم نے قوم کو اسکواڈ کی کارکردگی میں نمایاں بہتری کی آس دلائی ہے۔

تفصیلات کے مطابق ڈائریکٹر ڈومیسٹک کرکٹ انتخاب عالم سابق چیئرمین ذکا اشرف کے دور میں وسیم اکرم کی سربراہی میں بنائی گئی اس ہنٹ کمیٹی میں بھی شامل تھے جس نے ہیڈ کوچ کیلیے وقار یونس کو معین خان پر ترجیح دی،انھوں نے اس وقت سابق کپتان کو اپنا انتخاب بہترین قرار دیا تھا،اب وہ دوسری کمیٹی کا بھی حصہ ہیں جس نے سابق فاسٹ بولر کو منتخب کیا۔ بدھ کو ایل سی سی اے گرائونڈ میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے انتخاب عالم نے کہا کہ ہم ہیڈ کوچ سے رابطے میں ہیں، معاون کوچنگ اسٹاف کا اعلان 4،5 روز میں کر دیا جائے گا۔


انھوں نے کہا کہ وقار یونس کی بطور ہیڈ کوچ تقرری کمیٹی کا متفقہ فیصلہ تھا جس پر کوئی دوسری رائے نہیں تھی، سابق پیسر نے ماضی میں بھی بہترین پرفارم کیا، ان کے ساتھ کام کرنے کا مجھے بھی تجربہ ہے، بدقسمتی سے نجی مصروفیات کی وجہ سے وہ اپنا کام جاری نہ رکھ سکے، وہ محنتی کوچ اور ایک بار پھر پُرجوش دکھائی دیتے ہیں،امید ہے کہ ورلڈ کپ تک متوازن ٹیم بنانے میں کامیاب ہوجائیں گے۔

چیئرمین کے پرنسپل ایڈوائزر ظہیر عباس نے کہاکہ ہیڈ کوچ کا انتخاب مکمل سمجھ بوجھ کے ساتھ کیا گیا،اس مقصد کیلیے جامع حکمت عملی بناکر درخواستیں وصول کرکے وقار یونس کو چنا گیا، انھوں نے کہا کہ ہمارے اور موجودہ زمانے کی کرکٹ میں بہت فرق ہے، معاونت کیلیے کوچنگ اسٹاف رکھنا کوئی نئی بات نہیں، کوچ جتنا بھی اچھا ہو،غیر معمولی نتائج کیلیے استاد کے ساتھ طلبہ کو بھی سخت محنت کرنا پڑے گی۔
Load Next Story