وزیراعظم نواز شریف نے پاکستان کے پہلے سولر پاور پراجیکٹ کا سنگ بنیاد رکھ دیا

سولر پاور منصوبے سے پہلے مرحلے میں 100 میگا واٹ بجلی حاصل کی جائے گی۔

سولر پاور منصوبے سے 2016 تک 1000 میگا واٹ بجلی حاصل کی جائے گی۔ فوٹو: این این آئی

وزیراعظم نواز شریف نے پاکستان کے پہلے 100میگا واٹ کے سولر پاور پراجیکٹ کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔

وزیر اعظم نواز شریف نے بہاولپور میں قائد اعظم سولر پارک میں 1000 میگا واٹ کے پہلے سولر پاور پراجیکٹ منصوبے کا سنگ بنیاد رکھا، منصوبے سے پہلے مرحلے میں 100 میگا واٹ بجلی حاصل کی جائے گی جب کہ سولر پاور منصوبے سے 2016 تک 1000 میگا واٹ بجلی حاصل کی جائے گی، قائد اعظم سولر پارک کے سولر پاور پراجیکٹ سے حاصل ہونے والی بجلی نیشنل گرڈ اسٹیشن میں شامل کی جائے گی۔ اس موقع پر وزیراعلی پنجاب شہباز شریف، وزیرقانون رانا ثناء اللہ اور چینی کمپنی ٹی بی ای کے صدر سمیت علاقائی عہدیدار بھی بڑی تعداد میں موجود تھے۔


سولر پاور پراجیکٹ کے افتتاح کے بعد زرعی یونی ورسٹی بہاولپور میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان میں اس وقت سب سے بڑا مسئلہ بجلی کا ہے، بجلی نہ ہونے کی وجہ سے ہماری زراعت، برآمدات، درآمدات اور صنعتوں کو شدید نقصان اور ہماری معیشت کا پہیہ جام ہو گیا ہے، ماضی میں کسی بھی حکومت نے بجلی کے مسئلے پر توجہ نہیں دی لیکن ہم پاکستان کو اندھیروں سے نکالنا چاہتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہپاکستانی قوم سے اعتماد اور بھروسے کا رشتہ ہے، ہم نے انتخابات کے دوران اس بات کا وعدہ کیا تھا کہ اپنے دور حکومت میں بجلی کے بحران پر قابو پا لیں گے اور آج ایسا محسوس ہو رہا ہے کہ ہم بہت جلد اس مسئلے پر قابو پا لیں گے، بہاولپور کے سولر پاور پراجیکٹ سے صرف 7 ماہ میں 100 میگا واٹ بجلی حاصل ہونا شروع ہو جائے گی اور پھر اسی منصوبے کو 1000 میگا واٹ تک بڑھایا جائے گا۔

وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ پاکستان اور چین کی دوستی لازوال ہے، چین کے عوام کو پاکستان سے بہت محبت ہے، پاکستان اور چین کی دوستی دنیا کے سب سے اونچے پہاڑوں سے بھی اونچی، سمندروں کی گہرائیوں سے بھی گہری اور دنیا کی سب سے زیادہ میٹھی شے سے بھی میٹھی ہے۔
Load Next Story