تھر میں بارشیں سرمایہ کاری اور مقامی معیشت کے فروغ کا ذریعہ

سیاحوں کو متوجہ کرنے کے ساتھ ساتھ زراعت اور لائیواسٹاک کو بھی فرغ دے رہی ہیں

صنعتی نمک کے حصول میں بھی بارشوں کا اہم کردار، پیداوار میں اضافہ ہو گا، اسماعیل ستارَ فوٹو: سوشل میڈیا

تھر میں بارشیں علاقے میں سرمایہ کاری اور مقامی معیشت و روزگار کے فروغ کا باعث بن گئیں۔

زیادہ بارشیں تھر میں زراعت اور لائیواسٹاک میں نمو کا باعث بن رہی ہیں اور سرسبز تھر سیاحوں کی توجہ کا بھی مرکز بن گیا ہے، کوئلے اور پاور جنریشن کے علاوہ صنعتی پیداوار میں استعمال ہونے والا اہم خام نمک بھی تھر کی معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کررہا ہے، جس کی پیداوار تھر کے علاقے انکاریو، موکھائی سے حاصل کی جارہی ہیں۔

لسبیلہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر اور حب سالٹ ریفائنری کے سربراہ اسماعیل ستار نے تھر کا مطالعاتی دورہ کرنے والے صحافیوں کو بتایا کہ علاقے میں زیرزمین نمک کی پیداواری سرگرمیاں نہ صرف مقامی صنعتوں کے لیے سستی لاگت پر خام مال کے حصول بلکہ علاقے کے مکینوں کے روزگار کا ایک بڑا ذریعہ ثابت ہو رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: تھرپارکرمیں پہلی مرتبہ کھجور کے درختوں کی کامیاب افزائش


انھوں نے بتایا کہ تھر میں ہونے والی بارشیں نمک کے حصول کا اہم ذریعہ ہیں، بارش کے پانی کو ایک جھیل میں محفوظ کرنے کے لیے ایک بڑے علاقے کو لیز پر حاصل کیا گیا ہے، جہاں محفوظ پانی سے سال میں 8ماہ وقفے وقفے کے بعد زیرزمین نمک کو حاصل کیا جاتا ہے اور باقی ماندہ 4ماہ اس حاصل کردہ نمک کی پراسیسنگ پیکنگ اور ترسیل ہوتی ہے۔

تھر سے حاصل ہونے والے صنعتی نمک کے حصول کے بعد اب مقامی صنعتوں کو بیرون ممالک سے درآمد کرنے کی ضروریات محدود ہوگئی ہیں، جس سے کثیر زرمبادلہ کی بچت ہورہی ہے، تھر میں بارش کے پانی سے نمک حاصل کرنے کے لیے موکھائی میں 1650 ایکڑ رقبے پر مشتمل جھیل بنائی گئی ہے۔

جھیل میں روکے گئے بارش کے پانی کی اوپری سطح پر مقررہ 3 سے 4ماہ کی مدت کے بعد 3 سے 4انچ نمک کی تہہ بنتی ہے، جسے حاصل کیا جاتا ہے کیونکہ اس مدت میں جھیل کا پانی بتدریج خشک ہوتا ہے اور اس خشک ہونے والے قدرتی نمک کو جھیل سے 8 ماہ تک حاصل کیا جاتا ہے اور بعدازاں اس نمک کو مختلف طریقوں سے مکمل خشک کیا جاتا ہے۔
Load Next Story