اجنبی شخص نے جھیل کی گہرائی سے خاتون کا آئی فون ڈھونڈ نکالا

نیوہیمپشائر جھیل میں ایک خاتون کا آئی فون پانی میں گرگیا جسے نکال لیا گیا اور وہ بالکل درست حالت میں تھا

برطانیہ میں پانی میں گرنے والے فون کو ایک اجنبی شخص سائمن نے جھیل کی گہرائی سے نکال کر اس کی مالکن کے حوالے کردیا ہے۔ فوٹو: اسکرین شاٹ فیس بک ویڈیو

ایک اجنبی نوجوان نے حاضر دماغی سے کام لیتے ہوئے جھیل میں غوطہ لگا کر خاتون کا آئی فون ڈھونڈ نکالا جو ان کے ہاتھ سے چھوٹ کر پانی میں جاگرا تھا۔

یہ واقعہ نیوہیمپشائر جھیل میں پیش آیا جہاں ایک خاتون ، ڈیان بونگفگلیو جھیل کے کنارے کھڑی تھیں کہ ان کا اسمارٹ فون ہاتھ سے چھوٹ گیا اور پانی میں گرگیا۔ اس منظر کو ایک کشتی میں بیٹھے نوجوان سائمن نے دیکھا تو اس نے فوری طور پر جھیل میں چھلانگ لگادی۔

کنارے سے جھیل 15 فٹ گہری تھی اور یہی وجہ ہے کہ سائمن کو آسانی سے اسمارٹ فون مل گیا جو کچھ دیر بعد اس نے خاتون کو واپس کردیا۔ یہ فون پانی میں ڈوبنے کے باوجود کام کررہا تھا اور بالکل درست حالت میں تھا۔




سائمن کو تیراکی کا چشمہ ایک شخص نے دیا جسے پہن کر وہ پانی میں کود گیا۔ پہلی ہی کوشش میں اس نے سانس روک کر فون تلاش کیا اور کامیابی سے اسے سطح آب تک لے آیا۔ یہ منظر دیکھ کر کئی لوگوں نے اپنی مسرت کا اظہار کیا اور اجنبی نوجوان کے اس جذبے کی تعریف کی۔

پولیس نے بھی سائمن کو سراہا ہے جس نے بروقت کارروائی کرکے خاتون کے فون کو خراب ہونے سے بچالیا۔
Load Next Story