کسٹمزکی اسمگل شدہ ایرانی پیٹرول اور آئل کیخلاف مہم جاری

سپلائی نیٹ ورک توڑنے میں کامیابی،کراچی میں 54 ڈبہ پمپس مسمار کردیے گئے

سپلائی نیٹ ورک توڑنے میں کامیابی،کراچی میں 54 ڈبہ پمپس مسمار کردیے گئے فوٹو: ایکسپریس/فائل

ISLAMABAD:
محکمہ کسٹمز نے بلدیہ عظمیٰ اور پولیس کے تعاون سے ڈبہ پٹرول پمپوں کو ایرانی اسمگل شدہ تیل وڈیزل کی سپلائی نیٹ ورک توڑنے میں کامیاب ہوگیا ہے۔


کراچی میں یومیہ1.5 لاکھ لیٹراسمگل شدہ تیل وڈیزل کی سپلائی ہوتی تھی، کریک ڈاؤن کے نتیجے میں54 ڈبہ پمپس مسمار کیے گئے جبکہ دستاویزات ظاہر کرنے پر20 ڈبہ پمپوں کو سیل کرکے انکے دستاویزات کی تصدیق کی جارہی ہے۔ جمعہ کو کسٹم ہاؤس کراچی کے ایک چیف کلکٹر نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ کراچی میں ڈبہ پٹرول پمپوں کے خلاف یہ پہلی بڑی کارروائی ہے جس کے حوصلہ افزا نتائج برآمد ہوئے ہیں۔ کسٹمز حکام نے بتایا کہ کراچی میں ایرانی اسمگل شدہ ڈیزل وتیل کی سپلائی نیٹ ورک کو مکمل طور پر ختم کرنے کے لیے محکمہ کسٹمز اب دیگر ایجنسیوں کے تعاون سے گہرے سمندر میں بھی کریک ڈاؤن کرے گا ۔

کیونکہ لانچوں کے ذریعے بھی ایرانی ڈیزل وپٹرول کی منظم اسمگلنگ کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ کسٹمز افسر نے بتایا کہ 20 روز قبل کوئٹہ میں ایک بڑی کارروائی کے دوران اسمگل شدہ تیل سے بھری25 پک اپس کو بھی پکڑا گیا جن سے3.5 لاکھ اسمگل شدہ ڈیزل برآمد کیا گیا، 10 روز قبل حب میں کارروائی کے دوران 10 ڈبہ پمپس مسمار کیے گئے۔ کسٹم حکام کا کہنا تھا کہ محکمہ کسٹمز دیگر متعلقہ اداروں کے تعاون سے کوئٹہ اور حب میں انسداد اسمگلنگ کی مزید کاروائیاں کرے گا۔
Load Next Story