بابراعظم کا امارات لیگ سے 15 کروڑ کا معاہدہ نہ ہو سکا

سفیر بھی بنایا جاتا، ادائیگی کی شرائط اور امیج رائٹس پر بات نہ بن سکی،ذرائع

بنگلہ دیشی لیگ میں کپتان اور محمد رضوان سمیت کئی کرکٹرز حصہ لیں گے۔ فوٹو: ایکسپریس ویب

بابراعظم کا امارات لیگ سے15 کروڑ کا معاہدہ نہ ہو سکا،انھیں لیگ کا سفیر بھی بنایا جا رہا تھا۔

آئی ایل ٹی ٹوئنٹی کا دوسرا ایڈیشن19جنوری سے 18 فروری تک منعقد ہوگا، گذشتہ برس ایونٹ میں کسی پاکستانی کرکٹر کو شرکت کی اجازت نہ تھی، البتہ اس بار شاہین شاہ آفریدی، شاداب خان اور اعظم خان ڈیزرٹ وائپرز کی جانب سے ایکشن میں نظر آئیں گے۔

ذرائع نے بتایا کہ کپتان بابر اعظم کو بھی 15 کروڑ روپے کے معاہدے کی پیشکش ہوئی،انھیں لیگ کا سفیر بھی بنایا جا رہا تھا، معاملات خاصی حد تک طے بھی ہو گئے مگر پھر ادائیگی کی شرائط اور امیج رائٹس پر بات نہ بن سکی، بنگلہ دیش پریمیئر لیگ کا ممکنہ طور پر 10 جنوری کو آغاز ہوگا، بابر اعظم اور محمد رضوان سمیت کئی پاکستانی کرکٹرز فراغت کے دنوں میں حصہ لیں گے۔


یہ بھی پڑھیں: شاہین آفریدی کا آئی ایل ٹی 20 ٹیم ڈیزرٹ وائپرز کے ساتھ 3 برس کا معاہدہ

ذرائع نے مزید بتایا کہ شاہین شاہ آفریدی نے آئی ایل ٹی ٹوئٹی سے سالانہ 4 لاکھ ڈالر کے عوض معاہدہ کیا ہے، انھیں امیج رائٹس کی مد میں مزید رقم بھی دی جائے گی، یوں وہ بھی تقریبا15 کروڑ ہر سال حاصل کر سکیں گے،ان کے معاہدے میں یہ بات شامل ہے کہ تینوں سال وہ سب سے زیادہ معاوضہ حاصل کرنے والے کھلاڑی ہوں گے،اگر تیسرے ایڈیشن میں زیادہ رقم پر کوئی اور کھلاڑی آیا تو شاہین کے معاوضے میں بھی خود بخود اضافہ ہو جائے گا۔

یاد رہے کہ ہر لیگز میں پلیئر کو ایک مخصوص حد تک ہی فیس دی جاتی ہے،البتہ اگر کوئی بڑا اسٹار آ جائے تو امیج رائٹس کی مد میں اس کا معاوضہ بڑھا دیتے ہیں،اس صورت میں اسے کوئی ٹویٹ کرنے، لیگ کی پروموشن، فوٹو شوٹ یا کسی ایونٹ میں شریک ہونے کا کہا جا سکتا ہے، اس کا الگ معاہدہ ہوتا ہے۔
Load Next Story