جیو عوام کی نہیں صرف پیسے دینے والوں کی زبان بولتا ہے عمران خان

جیو نے آئی ایس آئی کے ساتھ جو کیا وہ دشمن ہی کرتے ہیں، چیرمین تحریک انصاف

کل اسلام آباد میں نوجوانوں کا طوفان آنے والا ہے ، عمران خان فوٹو: فائل

تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان نے کہا ہے کہ جیو مسلم لیگ (ن) کا میڈیا سیل بن گیا ہے اور عوام کے بجائے صرف پیسے دینے والوں کی زبان بولتا ہے۔

اسلام آباد کے ڈی چوک پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ جیو نے آئی ایس آئی کے ساتھ جو کیا وہ دشمن ہی کرتے ہیں جبکہ ماضی کی مثالوں سے بھی پتا چلتا ہے کہ جیو صرف پیسے دینے والوں کی زبان بولتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کل اسلام آباد میں نوجوانوں کا طوفان آنے والا ہے لیکن حکومت ہمارے لوگوں کو جلسے میں آنے سے روک رہی ہے اور ٹرانسپورٹروں کو ڈرایا دھمکایا جارہا ہے حالانکہ انتظامیہ کا کام چوری روکنا ہے ناکہ پرامن احتجاج۔


تحریک انصاف کے چیرمین نے کہا کہ ایک سال قبل بھی ہمارے جلسے میں عوام کا سمندر تھا لیکن کوئی توڑ پھوڑ نہیں ہوئی کیونکہ ہم اشتعال انگیزی اور ہنگامہ آرائی کے بجائے پرامن احتجاج پر یقین رکھتے ہیں۔ ان کہنا تھا کہ حکومت کے جلسے ناکام بنانے کی کوششوں سے لگتا ہے کہ وہ سونامی سے ڈر گئی ہے اور صرف 4 حلقے کھلنے سے مسلم لیگ (ن) کو اپنی کرسی کی فکر لگ گئی ہے لیکن حکومت کی تمام کوششیں ناکام ہوں گی اور کل کا جلسہ ضرور کامیاب ہوگا۔

اس سے قبل پریس کانفرنس کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نواز شریف شروع سے ہی امپائرز کو ساتھ ملا کر کھیلنے کے عادی ہیں لیکن اب وقت آ گیا ہے کہ میاں صاحب نیوٹرل امپائر سے بھی کھیلنا سیکھیں۔
Load Next Story