مہنگائی کی شرح میں گزشتہ ہفتے 018 فیصد کمی

ٹماٹر، ڈیزل، پٹرول سمیت 17 اشیا کی قیمتیں کم، کیلے، مرغی، آلو اور دیگر 8 کی بڑھ گئیں

8 مئی کو ختم ہفتے میں سب سے زیادہ ریلیف 8 ہزار ماہانہ کمانے والوں کیلیے 0.27 فیصد ملا۔ فوٹو: فائل

WASHINGTON:
ملک میں گزشتہ ہفتے مہنگائی کی شرح میں ہفتہ وار بنیادوں پر 0.18 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی تاہم سالانہ بنیادوں پر افراط زر کی شرح میں 9.06 فیصد کا اضافہ ہوا۔

پاکستان بیورو شماریات (پی بی ایس) سے جاری اعدادوشمار کے مطابق 8 مئی کو ختم ہونے والے ہفتے میں ہفتہ وار بنیادوں پر 11 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، سب سے زیادہ اضافہ کیلے کی قیمت میں 5.58 فیصد ریکارڈ کیا گیا جس کے نتیجے میں ملک میں کیلے کی اوسط قیمت 76.48 روپے سے بڑھ کر 80.75 روپے فی درجن ہو گئی جبکہ زندہ مرغی کی قیمت2.51 فیصد کے اضافے سے 167.66 روپے فی کلوگرام، لان 2.08 فیصد بڑھ کر216.92 روپے فی میٹر، ماچس 2 فیصد کے اضافے سے 153 روپے فی عدد، دال ماش 1.98 فیصد بڑھ کر137.63 روپے فی کلوگرام، گڑ 1.05 فیصد کے اضافے سے 78.98 روپے فی کلوگرام، دال مسور 0.97 فیصد بڑھ کر 127.63 فی کلوگرام، دال مونگ 0.86 فیصد کے اضافے سے 151.61 روپے فی کلوگرام، لانگ کلاتھ 0.80 فیصد کے اضافے سے 184.24 روپے میٹر، دال کی پکی پلیٹ 0.38 فیصد کے اضافے سے 80.92 روپے فی پلیٹ اور ملک میں آلو کی اوسط قیمت 0.12 فیصد کے اضافے سے 57.21 روپے فی کلوگرام ہوگئی۔


پی بی ایس کے مطابق گزشتہ ہفتے 17 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی بھی ہوئی جس میں سب سے زیادہ کمی ٹماٹر کی قیمت 17.44 فیصد ہوئی جس کے بعد ملک میں ٹماٹر کی اوسط قیمت 30.73 روپے سے گھٹ کر25.37 روپے فی کلوگرام ہوگئی، ایل پی جی کی قیمت 6.84 فیصد کی کمی سے 1277.82 روپے فی گھریلو سلنڈر، پیاز 6.36 فیصد کم ہو کر 33.40 روپے فی کلو گرام، ڈیزل 3.96 فیصد کمی سے 110.82 روپے فی لیٹر، چائے 3 فیصد کی کمی سے 132.38 روپے فی200 گرام، لہسن 2.84 فیصد گھٹ کر 122.31 روپے فی کلوگرام، مٹی کا تیل 1.75 فیصد کمی سے 118.7 روپے لیٹر، گندم 1.36 فیصد گھٹ کر340.75 روپے فی 10 کلوگرام، ویجیٹیبل گھی (کھلا) 0.64 فیصد کمی سے 161.34 روپے فی کلوگرام، انڈے 0.52 فیصد کمی سے 78.24 روپے فی درجن، چینی .52 فیصد گھٹ کر 51.92 روپے فی کلو گرام، پٹرول 0.36 فیصد کمی سے 109.46 روپے فی لیٹر، آٹا 0.27 فیصد نیچے آ کر 392.12 روپے فی 10 کلوگرام، اری 6 چاول 0.27 فیصد کی کمی سے 54.4 روپے فی کلو گرام، سرخ مرچ پسی ہوئی (کھلی) 0.26 فیصد گھٹ کر 224.36 روپے فی کلو گرام، دال چنا 0.07 فیصد کمی سے 75.09 روپے فی کلوگرام اور باسمتی ٹوٹا چاول کی اوسط قیمت 0.03 فیصد گھٹ کر 74.15 روپے فی کلوگرام ہو گئی، اس کے علاوہ 25 اشیا کی قیمتیں برقرار رہیں۔

بیورو شماریات کے مطابق 8 مئی کو ختم ہونے والے ہفتے میں سب سے زیادہ ریلیف 8 ہزار روپے ماہانہ تک کمانے والوں کے لیے 0.27 فیصد ملا جبکہ 12 ہزار روپے تک کمانے والوں کے لیے مہنگائی کی شرح میں 0.22 فیصد، 18ہزار روپے تک آمدنی والوں کے لیے 0.20 فیصد، 35 ہزار روپے ماہانہ کمانے والوں کے لیے 0.17 فیصد اور 35 ہزار روپے سے زائد ماہانہ کمانے والوں کے لیے مہنگائی کی شرح میں گزشتہ ہفتے 0.14 فیصد کمی ہوئی۔
Load Next Story