پی ٹی آئی نے انٹرا پارٹی الیکشن کیس میں جواب جمع کرادیا

تفصیلی جواب میں تمام حقائق کو واضح کردیا، بیرسٹر گوہر نے دلائل کیلیے 2 ہفتے کا وقت مانگ لیا، سماعت 13 ستمبر تک ملتوی

(فوٹو: فائل)

پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے انٹرا پارٹی الیکشن کیس میں جواب جمع کرادیا گیا ہے۔

الیکشن کمیشن میں ممبر نثار درانی کی سربراہی میں 4 رکنی کمیشن نے پی ٹی آئی انٹرا پارٹی الیکشن کیس کی سماعت کی، جس میں پی ٹی آئی کے چیف الیکشن کمشنر بیرسٹر گوہر الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے اور انہوں نے پی ٹی آئی انٹرا پارتی الیکشنز کے حوالے سے جواب جمع کرادیا۔

بیرسٹر گوہر نے الیکشن کمیشن کو بتایا کہ تفصیلی جواب میں تمام حقائق کو واضح کیا گیا ہے۔


ممبر الیکشن کمیشن نثار درانی نے استفسار کیا کہ کیا آپ جواب کی روشنی میں دلائل آج دینا چاہیں گے؟، جس پر بیرسٹر گوہر نے دلائل دینے کے لیے الیکشن کمیشن سے دو ہفتے کا وقت مانگ لیا۔

الیکشن کمیشن نے بیرسٹر گوہر کو دلائل کے لیے دو ہفتے کا وقت دینے کی استدعا منظور کر لی۔ ممبر نثار درانی نے کہا کہ ہم اس کیس کو بہت زیادہ نہیں لٹکا سکتے۔ الیکشن کمیشن آئندہ عام انتخابات کے لیے زیادہ تر سیاسی جماعتوں کو انتخابی نشان الاٹ کر چکا ہے۔ دلائل مکمل ہونے کے بعد پی ٹی آئی کو انتخابی نشان الاٹ کرنے کے حوالے سے فیصلہ کریں گے۔

بعد ازاں الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی انٹر پارٹی الیکشن کیس کی سماعت 13 ستمبر تک ملتوی کر دی۔
Load Next Story