آپ کی صحت کا ضامن لیموں پانی

لیموں پانی جسم میں پانی کی کمی کو پورا کرتا ہے، گردوں میں پتھری کو روکتا ہے ساتھ ہی جلد کو خوبصورت بناتا ہے

لیموں پانی غیرمعمولی طبی خواص رکھتا ہے۔ فوٹو: فائل

لیموں قدرت کا انمول تحفہ ہے اور اس کا پانی کسی بھی طرح شفا سے خالی نہیں۔ اگر اسے زندگی بھرکا معمول بنالیا جائے تو نہ صرف صحت بہتر رہتی ہے بلکہ کئی امراض سے بھی بچاؤ ممکن ہے۔ یہ وٹامن سی، اینٹی آکسیڈنٹس، اور دیگر اجزا سے بھرپور ہوتا ہے۔

ڈاکٹروں کے مطابق لیموں پانی میں شہد کی معمولی مقدار شامل کرکے طبی فوائد کو دوچند کیا جاسکتا ہے۔ اسی طرح ماہرین اسے نہار منہ پینے کا مشورہ بھی دیتے ہیں۔ اس کم خرچ اور شفا بخش مشروب کے چند اہم فوائد یہ ہیں:

پانی کی کمی دورکرے

یہ ہائیڈریشن بڑھان کے ایک شاندار نسخہ ہے۔ لیموں پانی فوری پیاس بجھاتا ہے اور سیر ہونے کا احساس دلاتا ہے۔ ہم جانتے ہیں پانی کی بھرپور مقدار اور ہائیڈریشن سے جلد تروتازہ رہتی ہے اور نظامِ ہاضمہ بھی درست ہوجاتا ہے۔

وٹامن سی کا خزانہ

لیموں اینٹی آکسیڈنٹس اور وٹامن سی سے بھرپور ہے جو بدن کے قدرتی دفاعی نظام کو بہتر بناتا ہے۔ زخم بھرنے میں مدد دیتا ہے، نئے کولاجِن بنا کرجلدی خلیات کی افزائش میں تیزی لاتا ہے۔ اینٹی آکسیڈنٹس کی بدولت خلوی سطح کی مرمت ممکن ہوجاتی ہے اور کینسر کے خطرات بھی کم ہوتےہیں۔ لیکن ہم جاتے ہیں کہ وٹامن سی جلد اور چہرے کی خوبصورتی میں غیرمعمولی کردار ادا کرتا ہے۔

ہاضمے میں مفید

لیموں پانی آنتوں میں جاکرہاضماتی رطوبتیں بڑھاتا ہے۔ اس سے غذا کو ہضم کرنے میں مدد ملتی ہے۔ اگر صبح کے وقت نیم گرم پانی میں لیموں کا رس ملاکر پیا جائے تو پورا دن نظامِ ہاضمہ درست رہتا ہے۔


وزن میں کمی

یہ جادوئی مشروب آپ کو پیٹ بھرے کا احساس دلاتا ہے، بھوک کو دباتا ہے اور فائبر کی وجہ سے غذا کو جزوبدن بناتا ہے۔ لیموں میں سٹرک ایسڈ کی وسیع مقدار موجود ہوتی ہے جو ہاضمہ بڑھاتی ہے اور وزن کو قابو میں رکھتی ہے۔

دل کا دوست

لیموں پانی کئی طرح سے دل کے لیے انتہائی مفید ہے۔ اس میں موجود پوٹاشیئم بلڈ پریشر کم کرتا ہے اور اینٹی آکسیڈنٹس رگوں اور شریانوں کو بہت اچھی حالت میں رکھتے ہیں۔ اس طرح لیموں پانی سے مجموعی طور پر دل کو فائدہ ہوتا ہے۔

جلد کی خوبصورتی

لیموں پانی میں اینٹی آکسیڈنٹس کی بڑی مقدار موجود ہوتی ہے اور وٹامن سی کے امتزاج سے جلد روشن اور خوبصورت رہتی ہے۔ چہرے پر جھریوں اور جھائیوں کا خاتمہ بھی لیموں پانی سے ممکن ہے۔ پھر سب سے بڑھ کر ہائیڈریشن جلد کی خوبصورتی کی ضمانت ہے۔

گردوں کو پتھری سے بچائے

لیموں میں سٹرک ایسڈ سے بولی نظام بہتر رہتا ہے۔ لیموں پانی گردوں کی پتھری کو دوبارہ بننے سے روکتا ہے۔
Load Next Story