مہنگائی سے عوام دیوالیہ ’’ڈنگ ٹپاؤ پالیسی‘‘ چل رہی ہے ایکسپریس فورم

صلاحیت اور قابلیت کی کمی، تمام سیاسی جماعتیں اور اسٹیک ہولڈرز میثاق معیشت کریں، پروفیسر ڈاکٹر مبشر منور خان

ایکسپریس فورم میں پروفیسر مبشر منور خان ،عرفان اقبال شیخ اور آئمہ محمود شریک ہیں ۔ فوٹو : ایکسپریس

عوام پر مہنگائی کا شکنجہ اور بجلی کے بلوں کا پھندا تنگ ہوگیا ہے، حکمران خود تو دیوالیہ ہونے سے بچ گئے مگر عوام کا دیوالیہ نکل گیا، لوگ خودکشی پر مجبور ہیں مگر اشرافیہ کو اربوں روپے کی مفت بجلی و پٹرول فراہم کیا جا رہا جو افسوناک ہے۔

ملک میں مایوسی کی فضاء ہے، مسائل سے نکلنے کیلیے کسی سیاسی جماعت کے پاس کوئی لائحہ عمل نہیں،ہمارا مسئلہ وسائل نہیں مینجمنٹ ہے، ناتجربہ کاری، صلاحیت اور قابلیت کی کمی کی وجہ سے ''ڈنگ ٹپاؤ پالیسی'' سے کام چلایا جا رہا ہے۔

ملک کو بحرانوں سے نکالنے کیلیے سیاسی جماعتوں، اسٹیبلشمنٹ سمیت تمام سٹیک ہولڈرز کو میثاق معیشت کرنا ہوگا، معیشت کو سیاست سے الگ کیا جائے، لانگ ٹرم پالیسی بناکر ملک کو درست سمت دی جائے،ان خیالات کا اظہار ماہرین معاشیات، بزنس کمیونٹی و سول سوسائٹی کے نمائندوں نے ''مہنگائی کا سدباب کیسے ممکن؟ کے موضوع پر منعقدہ ''ایکسپریس فورم'' میں کیا۔ فورم کی معاونت کے فرائض احسن کامرے نے سرانجام دیے۔


ڈین فیکلٹی آف کامرس جامعہ پنجاب پروفیسر ڈاکٹر مبشر منور خان نے کہا کہ ہمارے ہاں مسئلہ وسائل کا نہیں مینجمنٹ کا ہے جس کی وجہ صلاحیت اور قابلیت کی کمی ہے، ڈنگ ٹپاؤ پالیسی سے کام چلایا جاتا ہے جس سے مسائل میں اضافہ ہو رہا ہے،تمام سٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے منصوبہ بندی کی جائے ۔

صدر ایف پی سی سی آئی عرفان اقبال شیخ نے کہا کہ ملک میں کبھی ایسی بے یقینی کی فضا نہیں دیکھی، حکومت کی کوئی سمت، کوئی منصوبہ بندی نہیں ہے جنرل سیکرٹری پاکستان ورکرز کنفیڈریشن آئمہ محمود نے کہا کہ عوام پر مہنگائی کا شکنجہ اور بجلی کے بلوں کا پھندا تنگ ہوگیا ہے، عام آدمی نہ زندہ ہے نہ مردہ، مڈل کلاس ختم ہوگئی۔

اب صرف امیر یا غریب ہیں ، کوئی قیادت موجود نہیں، ملک کس سمت میں جا رہا ہے کسی کو معلوم نہیں۔
Load Next Story