ایچ ای سی نے تمام جامعات کو بین الاقوامی این جی اوز کے ساتھ معاہدہ سے روک دیا
ہائرایجوکیشن کمیشن پاکستان کی جانب سے تمام یونیورسٹیز اور دیگر اعلی تعلیم فراہم کرنے والے اداروں کے لیے ایک ایڈوائزری جاری کردی گئی ہے جس میں کہا گیا کہ عالمی اداروں سے مختلف پروگرامز کے متعلق معاہدے کیے جاتے ہیں خاص طور پر وہاں سیاسی معاملات پر بھی موضوع زیر بحث رہتے ہیں۔
ایڈوائزری کے مطابق ایسے پروگرام سے دنیا میں پاکستان کے بارے میں کوئی اچھا پیغام نہیں جا رہا ہے اوراسی پر محکمہ خارجہ نے اپنے تحفظات کا اظہار کیا ہے لہٰذا ایسی سرگرمیاں بند کی جائیں۔
ایڈوائزری میں زور دیا گیا کہ متعلقہ وزارت اور محکمہ خارجہ سے مشاورت کے بغیراجازت کے کوئی بھی ایسا معاہدہ یا سرگرمی نہ کی جائے۔ اسی حوالے سے ہائر ایجوکیشن کمیشن کے چیئرمین ڈاکٹر مختار احمد نے ایکسپریس کی جانب سے رابطہ کرنے پر بتایا یہ سرکاری اداروں کے ملازمین کیلئے ہے، بہت سے لوگ قانون کے مطابق کام نہیں کرتے ہیں جہاں قومی مفاد کی بات ہو وہاں دیکھنا پڑتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ملک کی سیاسی صورتحال کچھ خاص نہیں ہے اس لیے کوئی بھی ادارہ کسی بھی قسم کا کسی سے رابطہ رکھے تو ضروری ہے کہ وہ متعلقہ وزیر کو پہلے آگاہ کرے، اس میں ان کی خودمختاری متاثر نہیں ہوگی، کیوں کہ ان کو منع نہیں کیا گیا بلکہ ان سے کہا گیا ہے کہ آپ طریقے سے چلیں تا کہ ملک کے لیے بھی کسی بھی قسم کے مسائل کا خدشہ نہ ہو۔