قومی کرکٹرز کا کنٹریکٹ پر مذاکرات ایشیاکپ کی وجہ سے موخر

کھلاڑی اپنی تمام توجہ بھارت و دیگر اہم میچز پر مرکوز رکھنے کے خواہاں

کھلاڑی اپنی تمام توجہ بھارت و دیگر اہم میچز پر مرکوز رکھنے کے خواہاں۔ فوٹو: پی سی بی

سینٹرل کنٹریکٹ پر بورڈ اور کرکٹرز میں مذاکرات ایشیاکپ کی وجہ سے موخر ہو گئے۔

پاکستانی کرکٹرز اور پی سی بی میں کافی دنوں سے سینٹرل کنٹریکٹ پر بات چیت جاری تھی،اسی وجہ سے کئی ماہ گذرنے کے باوجود اعلان نہیں کیا جا سکا، بورڈ نے معاوضے دگنے کر دیے مگر کھلاڑی کمرشل معاملات میں زیادہ آزادی چاہتے ہیں، انھوں نے آئی سی سی کی آمدنی میں سے حصے کا بھی مطالبہ کیا ہے، پی سی بی کی خواہش تھی کہ ایشیاکپ سے قبل ہی سینٹرل کنٹریکٹ کا اعلان ہو جائے لیکن یہ معاملہ مسلسل تاخیر کا شکار ہو رہا ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ نیپال کیخلاف میچ سے قبل بھی نئے معاہدوں پر دستخط نہیں ہو سکے، کھلاڑی اور بورڈ حکام نے معاملہ فی الحال موخر کر دیا ہے، پلیئرز چاہتے ہیں کہ مکمل توجہ بھارت کیخلاف میچ اور دیگر مقابلوں پر دیں۔


یہ بھی پڑھیں: پی سی بی کا 360 ڈومیسٹک کھلاڑیوں کو کنٹریکٹ دینے کا اعلان

اس حوالے سے رابطے پر ایک پی سی بی آفیشل نے کہا کہ سینٹرل کنٹریکٹ میں کسی قسم کا کوئی ڈیڈ لاک نہیں ہے، کھلاڑیوں کو پاکستانی تاریخ میں سب سے زیادہ معاوضے دینے کا فیصلہ ہو چکا جس سے وہ خاصے خوش بھی ہیں، بعض معمولی امور حل ہوتے ہی اعلان کر دیا جائے گا، فی الحال کرکٹ ہی سب کی توجہ کا مرکز رہے تو اچھا ہوگا۔

ایک سوال پر انھوں نے کہا کہ جب تک نئے معاہدوں کا اعلان نہیں ہوتا پلیئرز کو سابقہ کنٹریکٹ کے لحاظ سے ہی ادائیگیاں ہوتی رہیں گی، اگر کوئی واجبات ہوئے تو بعد میں انھیں ادا کر دیا جائے گا۔
Load Next Story