کراچی شہری کی فائرنگ سے ڈاکو ہلاک دوسرا زخمی حالت میں فرار

کار سوار شہری خریداری کے لیے آیا تھا، اس دوران ڈاکوؤں نے لوٹ مار کی کوشش کی، جس پر شہری نے فائرنگ کردی

کراچی میں چھینا جھپٹی کے واقعات عام ہوگئے، فوٹو: فائل

عزیز آباد کے علاقے میں شہری کی فائرنگ سے ایک ڈاکو ہلاک اور دوسرا زخمی حالت میں فرار ہوگیا۔

شہر قائد میں ڈاکوؤں کی وارداتیں تسلسل سے جاری ہیں اور اسٹریٹ کرائم میں خاطر خواہ کمی لانے میں پولیس کی ناکامی پر شہریوں نے اپنے دفاع کے لیے اسلحہ رکھنا شروع کردیا ہے۔ لوٹ مار کے دوران شہری کی فائرنگ کا واقعہ جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب پیش آیا، جس میں عزیز آباد کے علاقے میں شہری کی فائرنگ سے ایک ڈاکو ہلاک جب کہ اس کا ساتھی زخمی حالت میں فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔


پولیس کے مطابق کار سوار شہری دودھ کی دکان پر خریداری کے لیے آیا تھا، اس دوران موٹر سائیکل پر سوار 2 ڈاکوؤں نے انہیں لوٹنے کی کوشش کی اور اس دوران شہری نے اپنے پستول سے فائرنگ کردی، جس سے ایک ڈاکو ہلاک اور اس کا ساتھی زخمی ہوا، جو موٹر سائیکل پر فرار ہوگیا۔

ہلاک ہونے والے ڈاکو سے اسلحہ بھی برآمد ہوا ہے۔ واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس جائے وقوع پر پہنچی اور عینی شاہدین سے معلومات لینے کے علاوہ شواہد اکٹھے کیے۔ پولیس نے ملزم کی لاش قانونی کارروائی کے لیے اسپتال منتقل کرکے تحقیقات شروع کردی ہے۔
Load Next Story