کراچی باپ بیٹیوں کو گاڑی تلے کچلنے والے ڈرائیور کا بیان سامنے آگیا

شہریوں کو مشتعل دیکھ کر فرار ہوا، نقصان، علاج معالجے کے تمام اخراجات والد ادا کریں گے، گرفتار ملزم کا ویڈیو بیان

فوٹو ایکسپریس

گلشن اقبال کے علاقے میں باپ، 2 کمسن بیٹیوں اوربھانجی سمیت 5 افراد کو کچلنے والے گرفتار ڈرائیور کا بیان سامنے آگیا، جس میں اس کا کہنا تھا کہ حادثے کے بعد گھبراہٹ میں موقع سے فرار ہوا تھا۔

اتوار کے روز گلشن اقبال بلاک7 میں باپ2 کمسن بیٹیوں اوربھانجی سمیت 5 افراد کو کچلنے والی ڈبل کیبن گاڑی کے گرفتار ڈرائیور معاویہ نے اپنے ویڈیو بیان میں بتایا کہ وہ27 اگست کوشام ساڑھے6 بجے کے قریب گھرسے کالی ڈبل کیبن گاڑی لے کر نکلا تھا اور گلشن اقبال اقرا یونیورسٹی کے قریب یوٹرن سے اپنی گاڑی موڑی ہے۔ اس موقع پر گاڑی کا ایکسیلیٹر وائر پھنس گیا، اور گاڑی بے قابو ہو گئی۔

یہ خبر بھی پڑھیں: کراچی، گلشن اقبال میں باپ، بیٹیوں کو گاڑی تلے روندنے والا ڈرائیور گرفتار


ڈرائیور کے مطابق گاڑی قابو سے باہر ہونے پر سڑک کنارے کھڑے بچوں سمیت کئی افراد پرچڑھ گئی۔ اس دوران رکشے سے بھی ٹکر ہوئی۔ حادثے کے بعد موقع پرموجود مشتعل شہریوں نے اس پرپتھراؤ شروع کردیاتھا، جس پرمیں گھبرا گیااورمیں وہاں سے بھاگ نکلا۔ حادثے کی ویڈیو سوشل میڈیا پروائرل ہوئی، جس سے زخمی ہونے والوں کا علم ہوا۔

گرفتار ڈرائیور نے بتایا کہ اس کے والد حادثے میں زخمی ہونے والے افراد کی عیادت کے لیے اسپتال گئے ہوئے ہیں اوران کا جتنا بھی نقصان ہوا ہے، اس کے علاوہ علاج معالجے کے لیے جو بھی اخراجات ہوئے وہ والد ادا کریں گے۔

پولیس کے مطابق گرفتار ڈرائیور کے ساتھ اس کے 2 دوست بھی موجود تھےاور ڈرائیور کے پاس اس کا کمپیوٹرائزڈ ڈرائیونگ لائسنس بھی موجود ہے ۔ گرفتار ڈرائیو کو ہفتے کے روز عدالت میں پیش کیا جائے گا۔ زخمی افراد کے ساتھ جو بھی معاملات طے ہوتے ہیں، اس حوالے سے عدالت فیصلہ کرے گی۔ گرفتار ڈرائیور کے خلاف درج مقدمے میں تیز رفتار ڈرائیونگ اور اس دوران شہریوں کو زخمی کرنے کی 2 دفعات شامل کی گئی ہیں، جس کے تحت ڈرائیور کو 7 سال قید کی سزا بھی ہوسکتی ہے ۔
Load Next Story