پشاور میں فٹ بال اسٹیڈیم کی مسجد میں خودکش دھماکے سے 4 افراد جاں بحق 11 زخمی

خودکش دھماکے میں 8 سے 10 کلوگرام بارودی مواد استعمال کیا گیا ہے، ایس ایس پی آپریشن

زخمیوں کو لیڈی ریڈنگ اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جہاں زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔ فوٹو: اے ایف پی

چارسدہ روڈ پر واقع پردہ باغ نامی تفریحی مقام سے متصل طہماس خان فٹ بال اسٹیڈیم کی مسجد میں خودکش دھماکے سے 4 افراد جاں بحق جبکہ 11 زخمی ہوگئے ہیں۔


ایکسپریس نیوز کے مطابق پشاور کے چارسدہ روڈ پر واقع پردہ باغ سے متصل طہماس خان فٹ بال اسٹیڈیم میں وادی تیراہ سے نقل مکانی کرنے والے افراد کی رجسٹریشن کے دوران ایک حملہ آور داخل ہوا اور اس نے وہاں تعینات خاصہ دار فورس کے اہلکاروں پر فائرنگ کردی۔ سیکیورٹی اہلکاروں کی جانب سے بھرپور جواب دیئے جانے پر حملہ آور مسجد میں داخل ہوا اور اس نے اپنے آپ کو دھماکا خیز مواد سے اڑا دیا۔ دھماکا اس قدر شدید تھا کہ اس کی آواز دور دور تک سنی گئی۔ دھماکے کے نتیجے میں 4 افراد جاں بحق جبکہ 11 زخمی ہوگئے، لاشوں اور زخمیوں کو لیڈی ریڈنگ اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جہاں زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔

ایس ایس پی آپریشن نجیب الرحمان نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ دھماکے میں 8 سے 10 کلوگرام بارودی مواد استعمال کیا گیا۔ خودکش حملہ آور کے اعضا سمیت دیگر شواہد اکٹھے کرکے تفتیش شروع کردی گئی ہے۔
Load Next Story