افغان صدارتی امیدوار زلمے رسول کا عبداللہ عبداللہ کی حمایت کا اعلان

قومی ہم آہنگی اور سیاسی استحکام کے لئے ڈاکٹر عبد اللہ عبداللہ کی حمایت کا فیصلہ کیا ، صدارتی امیدوار

عوام الیکشن کے دوسرے مرحلے میں عبداللہ عبداللہ کو کامیاب بنائیں، زلمے رسول فوٹو؛ اے ایف پی

افغانستان میں صدارتی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں زلمے رسول نے عبداللہ عبداللہ کی حمایت کا اعلان کردیا۔



کابل میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے افغان صدارتی انتخابات کے پہلے مرحلے میں تیسرے نمبر پر آنے والے زلمے رسول کا کہنا تھا کہ وہ انتخابات کے دوسرے مرحلے میں عبداللہ عبداللہ کی حمایت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ قومی ہم آہنگی اور سیاسی استحکام کے لئے ڈاکٹر عبد اللہ عبداللہ کی حمایت کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ الیکشن کے دوسرے مرحلے میں عبداللہ عبداللہ کو کامیاب بنائیں۔


افغان صدراتی انتخابات کے پہلے مرحلے میں عبداللہ عبداللہ نے 44.9 فیصد جب کہ دوسرے نمبر پر آنے والے امیدوار اشرف غنی نے 31.5 فیصد اور زلمے رسول نے 11.5 فیصد ووٹ حاصل کیے تھے۔


واضح رہے کہ افغان الیکشن قوانین کے مطابق امیدوار کو 50 فیصد ووٹ حاصل کرنا ہوتے ہیں تاہم 5 اپریل کو ہونے والے صدارتی انتخاب میں کوئی امیدوار مطلوبہ ووٹ حاصل نہ کرسکا اور زلمے رسول کی دستبرداری کے بعد الیکشن کے دوسرے مرحلے میں عبداللہ عبداللہ اور اشرف غنی کے درمیان مقابلہ ہوگا۔

Load Next Story