نگران وزیراعظم اب تک آئین اور مینڈیٹ کو سمجھنے سے قاصر ہیں پی ٹی آئی

نگراں وزیراعظم کے پاس 9 مئی سے متعلق ٹھوس شواہد ہیں تو فراہم کریں ورنہ سیاسی بیان بازی سے گریز کریں، پی ٹی آئی

—(فوٹو: فائل)

پاکستان تحریک انصاف کے ترجمان نے کہا ہے کہا اگر نگراں وزیراعظم کے پاس 9 مئی سے متعلق ٹھوس شواہد ہیں تو انہیں قوم کے سامنے رکھیں اور سیاسی بیان بازی سے گریز کریں۔

نگران وزیراعظم کے نجی ٹی وی کو دیے گئے انٹرویو پر پاکستان تحریک انصاف کے ترجمان نے ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ نگران وزیراعظم بادی النظر میں اب تک آئین اور اپنے مینڈیٹ کو ٹھیک طریقے سے سمجھنے سے قاصر ہیں۔


ترجمان پی ٹی آئی نے کہا کہ انوارالحق کاکڑ کی حکومت کے ذمے آئین کی طے شدہ مدت یعنی 90 روز میں صاف، شفاف انتخابات کے انعقاد کی واحد ذمہ داری ہے، نگران وزیراعظم انتخابات کے انعقاد کے علاوہ ہر موضوع پر لب کشائی کرتے اور بیانات داغتے دکھائی دے رہے ہیں۔

پی ٹی آئی ترجمان نے کہا کہ نگراں وزیراعظم کا الزام تراشی پر مبین بیانیے بلاشبہ ۹ مئی کے واقعات کے حقائق کو چھپانے کی ایک کوشش لگتے ہیں جنہیں قوم تسلیم نہیں کررہی، اگر اُن کے پاس قابل اعتبار شواہد ہیں تو سامنے لائیں۔

پاکستان تحریک انصاف کے ترجمان نے کہا کہ قوم 9 مئی کے واقعات کی تمام پہلوؤں سے غیرجانبدارانہ اور اعلیٰ سطحی عدالتی تحقیقات کی تاحال منتظر ہے اور مطالبہ کرتی ہے کہ غیر جانبدار اعلیٰ سطح پر عدالتی کمیشن بنا کر تمام معاملے کی تحقیقات کی جائیں اور یہی مطالبہ چیئرمین پی ٹی آئی کا بھی ہے۔
Load Next Story